16 اکتوبر کا دن عمرانی فتنہ کیلئے یوم احتساب ہوگا:فضل الرحمان

Oct 13, 2022 | 22:19:PM
16 اکتوبر , دن عمرانی فتنہ , یوم احتساب ,فضل الرحمان
کیپشن: مولانا فضل الرحمان(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ  16 اکتوبر کا دن عمران خان کیلئے یوم احتساب اور خیبرپختونخوا سے رخصتی کا دن ہوگا، قوم اس بار اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دے گی۔

تفصیلات کےمطابق چارسدہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پڑانگ اسٹیڈیم میں منعقدہ پی ڈی ایم جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  ضمنی انتخابات میں پوری قوم عمران خان کو مسترد کرے گی،میں10 سال سے عمرانی فتنہ کے خلاف فرنٹ لائن پرجنگ کررہا ہوں، ہمارا جس فتنے سے مقابلہ ہے وہ بے وقوف اور مجنوں ہے، جس کی پشت پر امریکا، یہودی اور قادیانی اور را ہے اور یہ پاکستان کے خاتمے کی سازش کررہا ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس اسمبلی کو چھوڑدیا یہ کس منہ سے اس کے لیے پھر الیکشن لڑ رہا ہے، یہ شخص پوری قوم، جمہوریت، معیشت اورپارلیمان سے مذاق کر رہا ہے اور اب آزادی کے نام پر فحاشی پھیلانا چاہتا ہے، ہم نے اربوں ڈالروں کو شکست دے کر ملک اور معاشرت بچائی، اب اس کا جنازہ نکالیں گے، یہ ریاست مدینہ کا نام کس منہ سے لیتاہے اسے شرم آنی چاہیے، ہم جو کہتے تھے آج اسے پارلیمان اور عدالتوں کے علاوہ صدربھی تسلیم کررہا ہے، عمران خان حواس باختہ ہوچکا ہے، جو صدرمملکت بھی کہہ رہا ہے، اس نے سی پیک کو جام کردیا جوامریکا کے اشارہ پرہوا،سازشی عناصر ناکام ہوں گے۔