مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری !!!

Dec 12, 2020 | 10:57:AM
مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری !!!
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے رنگ جما دیا،سیاحوں کی بڑی تعداد دلکش نظارہ دیکھنے  ملکہ کوہسار اور مال روڈ پر نکل آئی،خوب ہلہ گلہ بھی کیا۔

مری،گلیات و گردونواح میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہےجس کے بعد سردی کی شدت میں بھی مزید اضافہ دیکھا جارہا ہے۔رات گئے برفباری کا سلسلہ جاری رہا،آسمان سے برستے روئی کے گالوں  سے مری کی خوبصورتی کو چارچاند لگ گئے۔ شدید برفباری کے باعث سیاحوں کی گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایوبیہ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی میں 6 انچ، مری میں 3 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب ملک کے شمالی علاقہ جات میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہگیا ہے۔گلگت بلتستان کے علاقے غذر،ہنزہ اور چلاس میں شدید برفباری سے رابطہ سڑکیں منقطع اورلوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔مظفرآباد،وادی لیپہ،چکوٹھی،باغ میں بھی برفباری ریکارڈ کی گئی۔سوات کے کالام اور مالم جبہ میں بھی برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔

دوسری جانب اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کا سلسلہ بارہ گھنٹے تک جاری رہا۔ قصور، چنیوٹ، بہاولنگر، وہاڑی، بہاولپور، پاکپتن، جھنگ، چشتیاں میں بھی ابررحمت کھل کر برسا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں بادل برسنے کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا جبکہ مری میں برفباری کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔