جوبائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر،امریکی کانگریس نے توثیق کردی

Jan 07, 2021 | 14:06:PM
 جوبائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر،امریکی کانگریس نے توثیق کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)جوبائیڈن امریکا کے 46ویں صدربن گئے،کانگریس نے جوبائیڈن کے صدربننے  اور کملا ہیرس کے نائب صدر بننے کی توثیق کردی،نومنتخب امریکی صدر 20جنوری کو حلف اٹھائیں گے،ایوان نمائندگان میں بھی پنسلوانیا میں بائیڈن کی جیت پراعتراض بھاری اکثریت سےمستردہوگئے.

امریکی پارلیمنٹ کی اسپیکر نینسی پلوسی اور نائب صدر مائیک پنس کی زیر صدارت ہونے والے کانگریس کے اجلاس نےصدارتی انتخابات میں جو بائیڈن اور کمالا ہیرس کی جیت کی توثیق کردی ہے۔اس موقع پر امریکی نائب صدر مائیک پنس کا کہنا تھا کہ کیپیٹل ہل کے باہر ہنگامہ آرائی اور دنگا فساد  کرنے والے ہارگئے ہیں،ہمیشہ آزادی کی جیت ہوتی ہے تشدد کبھی بھی نہیں جیتتا،یہ ایوان اب بھی عوام کا ہی ہے۔

امریکی کانگریس کی توثیق کے بعد اب جوبائیڈن کے صدر بننے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں اب وہ 20 جنوری کو امریکا کے 46 ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ کانگریس اجلاس سے قبل ٹرمپ کے حامیوں نے کیپٹل ہل کی عمارت پر حملہ کر دیا تھا۔ اس دوران پولیس سے جھڑپوں میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ نو منتخب صدر جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ کو بغاوت کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آج امریکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، مظاہروں کا ڈرامہ امریکی عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں۔ انہوں نے کہا نمائندگان کو ہراساں کیا گیا، ووٹ کاتقدس پامال کیا گیا، یہ اختلاف نہیں لاقانونیت ہے، اسے ختم ہونا چاہئیے۔