مقام ابراہیؑم کی نایاب تصاویر بھی سامنے آگئیں

May 06, 2021 | 13:29:PM
مقام ابراہیم پر حضرت ابراہیم کے پیروں کے نشانات پتھر پر
کیپشن: مقام ابراہیم پر حضرت ابراہیم کے پیروں کے نشانات پتھر پر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)حجر اسود کی جدید تکنیک سے لی گئی خوبصورت اور واضح تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد مقام ابراہیؑم کی نایاب تصاویر بھی سامنے آگئیں۔

مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام کے صحنِ مطاف میں ان تصاویر کو جدید فوٹوگرافی کی مدد سے بنایا گیا ہے۔حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے ان تصاویر کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیا گیا ہے۔ یہ تصاویر اب حرمین انتظامیہ کے ٹوئٹر اوردیگر اکاؤنٹس سے بھی مقبول ہو رہی ہیں اور انہیں انتہائی پسند کیا جارہا ہے۔

خیال رہےکہ مقام ابراہیم خانہ کعبہ کے مشرقی حصے پر وہ مقام ہے جہاں حضرت ابراہیم  علیہ السلام نے ایک پتھر پر کھڑے ہو کر خانہ کعبے کی تعمیر کی تھی اور اس پتھر پر آپؑ  کے قدموں کے نشانات بھی موجود ہیں۔مقام ابراہیم کو ایک سنہرے جنگلے  کے ذریعے محفوظ کیا گیا ہے اور حجاج اور معتمرین خانہ کعبہ کے طواف کے دوران مقام ابراہیم کی زیارت کرتے ہیں۔

رئیس حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مزید تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق  مقام ابراہیم کے پتھر پر موجود قدموں کے نشانات کی لمبائی اور چوڑائی 50 سینٹی میٹر ہے۔رئیس حرمین شریفین کی جانب سے اس پتھر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے حدیث رسول ﷺ بیان کی گئی ہے، جس کے مطابق حجر اسود اورمقام ابراہیم جنت کے یاقوتوں میں سے دو یاقوت ہیں، اگر اللہ تعالیٰ نے ان کی چمک اورنورانیت کو ختم نہ کیا ہو تا تو ان کی چمک سے مشرق ومغرب کے درمیان سب کچھ روشن ہوجاتا ۔

 جدید تکنیک کی مدد سے مقام ابراہیم کی بنائی گئی اس قدر شفاف تصویریں  پہلی مرتبہ سامنے آئی ہیں۔ خیال رہے کہ حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے حجر اسود کی 49 ہزار میگا پکسل کی حد تک باریکی سے لی گئی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں جنہیں بہت پسند کیا جارہا ہے۔
 یہ بھی پڑھیں:    جنت کے پتھر حجر اسود کی قریب ترین تصویر کا نظارہ کریں۔۔۔!