قوت مدافعت بڑھانےکےلیےکون سےپھل کھانےچاہئیں

Nov 01, 2022 | 15:27:PM
فائل فوٹو
کیپشن: قوت مدافعت بڑھانےکےلیےکون سےپھل کھانےچاہیے
سورس: گو گل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )موسم کی رُت بدلنا شروع ہوگئی ہے اور بہت جلد موسم سرما کا آغاز ہونے والا ہے۔ گرمیوں کی طرح سرد موسم بھی اپنے ساتھ کئی سوغاتیں لیکر آتا ہے ساتھ ساتھ  کھانسی، نزلہ ، زکام کی شکایات بڑھ جاتی ہیں لہٰذا ان وائرل انفیکشن سے محفوظ رہنے کے لئے زیادہ تر لوگ جوشاندہ ، گرین ٹی اور مختلف جوسز کا استعمال بڑھا دیتے ہیں۔موسم سرما کے کچھ پھل ایسے بھی ہیں جو آپ کے قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہوئے آپ کو بیمار ہونے سے بچاتے ہیں۔

مالٹا

مالٹا سردیوں میں سب سے زیادہ کھایا جانے والا پھل ہے اسے موسم سرما کے پھلوں کا شہنشاہ بھی کہا جاتا ہے۔ مالٹوں میں وٹامن سی کا ذخیرہ ہے۔ اس میں فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹ بھی موجود ہے جو قوت مدافعت کو بڑھاتے ہیں۔ یہ آنتوں کے لیے بھی بہتر ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق مالٹا کھانے سے انسان کے جسم کا مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اور وہ بیماریوں سے بھی محفوظ رہتا ہے۔

انگور

انگور لذیذ ہونے کے ساتھ غذائی اجزاء کا خزانہ ہوتے ہیں، ان میں کیلشیئم، پروٹین، فاسفورس، فولاد، وٹامن سی، اے اور بی 6 کے علاوہ گلوکوز، پوٹاشیم، میگنیشم، سوڈیم، فلیونائیڈز اور فائبر پائے جاتے ہیں۔ انگور کے مزیدار ذائقے کے علاوہ یہ غذائی اجزا کا خزانہ ہے۔ اس سے مدافعتی نظام بہتر ہوتا ہے اور یہ جسم سے فاضل مادوں کے اخراج میں بھی مدد کرتا ہے۔

امرود

مزیدار امرود کے ساتھ اگر کالا نمک اور سرخ مرچ استعمال ہو تو مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ امرود میں قابل ذکر غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔ اس سے وزن بھی کم ہوتا ہے۔ یہ قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور ذیابیطس کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔

ناشپاتی

سردی کا پھل ناشپاتی بچوں اور بڑوں دونوں کا پسندیدہ ہے۔ جو نہ صرف کھانے میں لذیذ ہے بلکہ اس کا جوس بھی صحت کے لیے فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے۔ اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی انفلیمینٹری خصوصیات مثلا وٹامن ای اور سی سے بھرپور ناشپاتی کا استعمال آنتوں کے لیے بھی بے حد فائدہ مند ہے۔

سیب

سیب کا باقاعدگی سے استعمال انسان کو کئی بیماریوں سے دور رکھ سکتا ہے، پیکٹن ، فائبر ، وٹامن سی اور کے سے بھرپور پھل سیب انسان کی قوت مدافعت میں اضافہ کرکے سوزش کو بھی کم کرتا ہے۔

انار

سرخ رسیلے انار کو چاٹ یا سلاد میں استعمال کریں یا اس کو خالص ہی کھائیں یہ کٹھا میٹھا پھل مزے دار ہوتا ہے۔ اس کے رسیلے موتی جیسے دانے غذایئت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ انار وائرسز کے خلاف قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔

کیوی

کیوی میں وٹامن سی، وٹامن اے، بی 6، بی 12 ،ای کے ساتھ پوٹاشیئم ، کیلشئم، آئرن اور میگنیشیم کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جس سے ہڈیوں میں جان آتی ہے اور جسم میں خون کی مقدار بڑھتی ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور کیوی اینٹی آکسیڈینٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے مدافعتی نظام کو فروغ دیتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کیوی کا ایک کپ دن بھر میں وٹامن سی کی تجویز کردہ مقدار کی 273 فیصد ضروریات پوری کرتا ہے۔

 یاد رکھے کہ تمام پھلوں کو مناسب مقدار میں استعمال کیا جائے۔کسی بھی غذا یا پھل کی زیادتی مضرِ صحت ثابت ہو سکتی ہے۔شوگر کے مریض اپنے معالج کے مشورے کے مطابق غذا کا استعمال کریں۔