ن لیگ کے سخت ردعمل کے بعد سرفراز بگٹی کا یو ٹرن

Sep 26, 2023 | 14:49:PM
ن لیگ کے سخت ردعمل کے بعد سرفراز بگٹی کا یو ٹرن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے نوازشریف سے متعلق بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ نوازشریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام کا ایک بڑا حصہ نوازشریف کو خوش آمدید کہنے کی تیاریوں میں مصروف ہے، ان کی واپسی پر قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرے گی، چہ مگوئیوں اور مفروضوں سے باہر نکل کر معاملات کو حقیقت کے آئینے سے دیکھنا ہو گا،واضح رہے کہ اس سے قبل سرفراز بگٹی کی جانب نوازشریف سے متعلق بیان منسوب کیا گیا تھا کہ ایک ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہئے، ریاست کو باپ کا کردار ادا کرنا چاہئے، نرم رویہ نہیں رکھنا چاہئے۔

اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے  مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹویٹ کیا تھا کہ سرفراز بگٹی صاحب جتنا سیاسی قد ہے اُتنی بات کریں، نواز شریف نے ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ نہ آپ کا مسئلہ ہے اور نہ آپ کا فیصلہ ۔اپنی فورس اور تیاری عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے کے لئے استعمال کریں .قائد نواز شریف نے 21 اکتوبر کو ایئرپورٹ سے کہاں جانا ہے؟ یہ نواز شریف اور عوام کا فیصلہ ہوگا۔