بالی ووڈ اداکار فاروق شیخ کا آج73 یوم پیدائش

Mar 25, 2021 | 08:55:AM
بالی ووڈ اداکار
کیپشن: اداکارفاروق شیخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) بھارت کی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار فاروق شیخ کا آج73 یوم پیدائش ہے، انہیں ایک ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے ڈراموں اور متوازی سنیما کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ سنیما میں بھی ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔فاروق شیخ کی پیدائش 25 مارچ 1948 کو بھارتی ریاست گجرات کےضلع بڑودہ میں ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار فاروق شیخ کے والد مصطفیٰ شیخ ممبئی کے معروف وکیل تھے۔فاررق شیخ پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔فاروق شیخ نے ابتدائی تعلیم سینٹ میری سکول ممبئی سے حاصل کی جبکہ وکالت کی تعلیم سدھارتھ کالج سے حاصل کی۔وہ کچھ دن اپنے والد کے ساتھ وکالت کرتے رہے مگر وہ وکالت کے میدان میں کامیاب نہ ہوسکے۔فاروق شیخ نے قانون کے پیشے میں ناکام رہنے کے بعد تھیٹر کا رخ کیا اور پونے فلم انسٹیٹیوٹ میں داخلہ لے لیا۔کالج کے دنوں میں وہ اداکاری اور اسٹیج ڈراموں میں حصہ لیتے تھے اور یہیں پر انکی ملاقات ان کی مستقبل کی شریک حیات روپا سے ہوئی۔انکی دو بیٹیاں ثناء شیخ اور شائستہ شیخ ہیں۔

وہ بہت شستہ اردو میں گفتگو کیا کرتے تھے اور ان کا طرز تحریر بھی بہت خوب صورت تھا۔کئی فلمی مکالمہ نگار اپنی سکرپٹ میں زبان و بیان کی اصلاح فاروق شیخ سے کرایا کرتے تھے۔کلاسیکی اردو شاعری میں ان کا ذوق بہت اعلیٰ تھا،اکثر ولی دکنی، غالب، میر، مومن، فیض، مخدوم محی الدین اور مجاز کے شعر گنگناتے تھے۔

اداکار فاروق شیخ نے متعدد بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری جوہر دکھائے جن میں چشم بدور، امراؤ جان ادا، لاہور، شطرنج کے کھلاڑی، ساس بہو، کتھا، نوری، بیوی ہو تو ایسی، ساتھ ساتھ، بازار، فاصلے، انجمن، محبت اور رنگ برنگی شامل ہیں ۔ فاروق شیخ 28دسمبر  2013کو دبئی میں انتقال کر گئے۔