ٹوبہ ٹیک سنگھ: نگران وزیراعلیٰ کا تھانہ چٹیانہ کا دورہ، فرنٹ ڈیسک خالی ہونے پر شدید برہم

Oct 24, 2023 | 22:46:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(دُرِ نایاب) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 20 کلومیٹر دور تھانہ چٹیانہ کا اچانک دورہ کیا اور فرنٹ ڈیسک پر پولیس افسران و آپریٹر کی غیرموجودگی پر شدید اظہارِ برہمی کیا۔ 

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے میں دریافت کیا اور تھانے میں موجود باقی سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل پوچھے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر درخواستوں پر ہونے والی کارروائی کو خود چیک کیا۔ 

تھانہ چٹیانہ کے دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ٹراما سنٹر کی جگہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے کا اعلان

تھانہ چٹیانہ کے دورے کے بعد نگران وزیراعلیٰ رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایمرجنسی، میڈیکل، بچہ وارڈ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا، یہاں وزیراعلیٰ نے مریضوں کی خیریت دریافت کی، مفت ادویات اور مفت ٹیسٹوں کی سہولت کے بارے میں بھی پوچھا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہ کہ عام آدمی کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کیلئے لاہور سمیت دوردراز کے شہروں میں ہسپتالوں کے دورے کررہا ہوں کیونکہ ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی بہتری مشن ہے اور پوری ٹیم ملکر دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جتنا بھی وقت ہے دکھی انسانیت کی خدمت میں صرف کر رہے ہیں۔