کوئٹہ دھماکہ خودکش تھا،بمبار گاڑی میں ہی بیٹھا رہا : شیخ رشید

Apr 22, 2021 | 14:58:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا اور دھماکے کے وقت بمبار اپنی گاڑی میں ہی بیٹھا رہا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ دھماکے میں 60 سے 80 کلوگرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا، کل کے دھماکے میں 5 افراد شہید ہوئے، چیف سیکرٹری کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ان کا کہنا تھا یہ ان پاکستان دشمن عناصر کی کارروائی ہے جنہیں پاکستان کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی، اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔پاکستان کو اندر سےغیرمستحکم کرنے کی غیر ملکی کوشش کی جا رہی ہے، چین کے سیفر کئی دنوں سے بلوچستان میں ہیں، وہ محفوظ ہیں اور انہوں نے  آج بھی اسٹاف کالج سے خطاب کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادر اور بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہیں اور چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہماری دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے، یہ دھماکا پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی سازش ہے۔


شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے تحت 22  اداروں کو ہدایت کی ہے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی جائے، خیال تھا کہ ایف سی کو کوئٹہ سے نکالیں لیکن اب ایسا نہیں ہے، ایف سی کو کوئٹہ سے نہیں نکالیں گے۔ پاکستان کیلئے جینا اور مرنا جانتے ہیں۔افواج پاکستان نے ہزاروں قربانیوں کے بعد دہشتگردی کو شکست دی، عظیم فوج کےساتھ دہشتگردی کے ہر حملے کو شکست دیں گے، 22 کروڑ افراد ملکی دفاع کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں سرینا چوک کے قریب ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے تھے۔