اسرائیلی فوجیوں کی مظاہرین پر فائرنگ۔۔ ایک فلسطینی شہید

Dec 11, 2021 | 23:50:PM
اسرائیلی, فوجیوں, مظاہرین, فائرنگ
کیپشن: اسرائیلی فوجیوں کی مظاہرین پر فائرنگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جھڑپوں کے دوران میں ایک فلسطینی کو گولی مار کرشہید کردیا ۔

مغربی کنارے کے قصبے بیتا میں جمعہ کو فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گولی چلا دی ہے جس سے 31سالہ جمیل ابو ایاش سر پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ اسے فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

العریبہ چینل کی خبر کے مطابق فلسطینی ہلال احمر کی طبی سروس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جھڑپوں کے دوران میں درجنوں مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کے شیل بھی فائر کئےہ۔میڈیکل سروس نے بتایاکہ قابض فوج نے نزدیک واقع سڑکیں بند کردیں جس کی وجہ سے ایمبولینس کا جائے وقوعہ پر پہنچنا مشکل ہو گیا۔ مظاہرے میں شریک کسی اورفلسطینی کے شدید زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ براہ راست فائرنگ نہیں کی گئی ہے بلکہ فلسطینیوں کی جانب سے پتھراؤ اور ٹائر جلانے کے جواب میں فوجیوں نے ربڑکی گولیوں سے فائرنگ کی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان گذشتہ کئی ماہ سے قصبے بیتا میں ہفتہ وار جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی علاقے میں ایک غیرقانونی یہودی بستی کے قیام کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں۔اس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ ان کی سرزمین پرتعمیر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ میں طوفان نے تباہی مچادی ۔۔50افراد ہلاک