یو اے ای شہری کو رعونت بھری ویڈیو بنانی مہنگی پڑ گئی

Jul 10, 2023 | 10:01:AM
یو اے ای شہری کو رعونت بھری ویڈیو بنانی مہنگی پڑ گئی
کیپشن: سکرین گریب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) سوشل میڈیا پر  دنیا کی مہنگی ترین کاروں کے شوروم میں رعونت بھری ویڈیو بنانے متحدہ عرب امارات (یو اے ای )کے سوشل میڈیا انفلوئنسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

یو اے ای کے خبر رساں ادارے ’’وام ‘‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں الیکٹرانک کرائم اور افواہوں کے انسدادی محکمے نے رائے عامہ متاثر کرنے اور عوامی مفادات کے لیے نقصان دہ ویڈیو بنانے اور اسے پوسٹ کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ۔

ویڈیو میں موجود شخص ایسی حرکات کرتے نظر آتے ہیں جو ’اماراتی شہریوں کی ناشائستہ اور مضحکہ خیز ساکھ‘ بنانے کی کوشش نظر آتی ہیں،عرب امارات کے قومی لباس میں ملبوس ایک شخص کو پرتعیش کاروں کے شوروم میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ ایک خاتون ملازم کو مخاطب کرتے ہیں کہ اس شوروم کا مینیجر کہاں ہے، خواتین کے بتانے پر وہ انہیں نوٹوں کی ایک گڈی تھماتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس کی کافی پی لینا۔

مذکورہ شخص شوروم کے مالک سے گفتگو میں ’رعونت‘ سے مہنگی ترین کار کی قیمت معلوم کرتے ہیں اور جب انہیں ایک کار کی قیمت 22 لاکھ درہم بتائی جاتی ہے تو کہتے ہیں کہ کچھ اور دکھائیں یہ تو میرا ڈرائیور چلائے گا۔

ویڈیو میں ان کے ہمراہ دو لوگ بظاہر نوٹوں کی گڈیاں اٹھائے گھومتے نظر آتے ہیں،متحدہ عرب امارات میں اٹارنی جنرل آفس کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے مطابق یہ ویڈیو متحدہ عرب امارات کے مروجہ سوشل میڈیا اخلاقیات سے متصادم ہے اور معاشرے کے لیے تکلیف دہ ہے۔

ویڈیو پوسٹ کرنے والے شخص سے تفتیش جاری ہے جبکہ شوروم کے مالک کو بھی طلب کر لیا گیا ہے،پبلک پراسیکیوشن نے متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر مواد پوسٹ کرتے وقت قانونی اور اخلاقی ضوابط کی پابندی کریں۔