دورہ پاکستان کی منسوخی۔۔ انگلینڈ ہرجانہ ادا کرنے کو تیار

Nov 09, 2021 | 22:28:PM
پاکستان، انگلینڈ، کرکٹ، بورڈ
کیپشن: پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے لوگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے رواں سال دورہ پاکستان کی منسوخی کے بدلے ہرجانہ ادا کرتے ہوئے آئندہ ستمبر ، اکتوبر 2022 میں ہونیوالی سیریز میں پانچ کی بجائے سات ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کا پلان دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم ستمبر ، اکتوبر 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی تو دو اضافی ٹی ٹونٹی میچز بھی کھیلے گی۔ پہلے یہ پلان تھا کہ انگلینڈ اور پاکستان کے مابین پانچ ٹی 20 میچز ہوں گے تاہم اب ان کی تعداد بڑھ کر سات ہوگئی ہے۔ اس بات کا اعلان انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات میں کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ  کے مطابق پاکستان میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہوجائے گا۔ ورلڈ کپ سے فراغت کے بعد ایک بار پھر انگلینڈ کی ٹیم پاکستان آئے گی اور گرین شرٹس کے ساتھ تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی جو کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ ٹام ہیرسن نے پی سی بی چیئرمین رمیز راجا سے اہم ملاقات کی ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میں ہونیوالی اس ملاقات میں انگلینڈ ٹیم کے ملتوی شدہ دورہ پاکستان کو ری شیڈول کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ای سی بی نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا جس پر وہ ان کے شکر گزر ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی حامی بھری ہے، ہم پوری کوشش کرتے ہیں کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیموں کو سہولت مہیا کی جائے۔ اگلے سال آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دورے  پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے  بڑی خوشخبری ہیں۔ای سی بی چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا وہ نہیں سمجھتے کہ انگلینڈ میں کوئی ایسا کرکٹر بھی ہوگا جو پاکستان کے خلاف اپنی صلاحیتوں کو نہ آزمانا چاہتا ہو۔ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے ون ڈے سے کچھ دیر قبل پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے سے انکار کیا اور واپس چلے گئے۔  اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے بھی دورہ پاکستان سے انکار کردیا جس کی کوئی قابلِ قبول وجہ نہیں دی گئی ۔س حرکت پر پوری دنیا میں ہونے والی تنقید کے بعد ای سی بی چیئرمین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیاتھا۔ پاکستان کا دورہ اچانک بلا وجہ منسوخ کرنے پر ای سی بی کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، یہاں تک کہ برطانوی وزیر اعظم نے بھی اس عمل پر غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں جو سیکیورٹی ملی اتنی زندگی میں نہیں دیکھی، آسٹریلوی کپتان