فلسطین کی کشیدہ صورتحال کا ذمہ دار اسرائیل ہے: کویت

Oct 08, 2023 | 10:29:AM
 کویت نے غزہ پٹی اور مقبوضہ فلسطین میں ہونے والے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدہ صورتحال کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرا دیا۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) کویت نے غزہ پٹی اور مقبوضہ فلسطین میں ہونے والے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدہ صورتحال کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کویتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال اسرائیل کے جارحانہ انداز اور خلاف ورزیوں کا نتیجہ ہے، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی برادری کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں۔

کویت کی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کیلئے فوری اقدام کیے جائیں اور اسرائیل پر مسجدالاقصیٰ کی مسلسل بےحرمتی اور یہودی آبادکاری کو وسعت دینے کی پالیسیوں کے خلاف دباؤ ڈالا جائے۔

دوسری جانب کویت سٹی میں فلسطینی مزاحمتی تحریک کی جانب سے اسرائیلی کے خلاف کارروائیوں کے حق میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کویتی اور غیرملکیوں کی بڑی تعداد فلسطینی پرچم تھامے جمع ہوئی۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل نے مسلمان بچوں پر ظلم کی انتہا کردی

برطانوی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینیئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جبکہ 1590 افراد زخمی ہوگئے۔  اسرائیلی فوج کی جانب سے  حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب،  ایران ، قطر اور عمان کی جانب سے بھی اسرائیل فلسطین کشیدہ صورت حال کی مذمت کی جا چکی ہے۔