وزیراعظم کے الزامات، الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا

Mar 05, 2021 | 00:02:AM
وزیراعظم کے الزامات، الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے الیکشن کمیشن کے خلاف الزامات پرچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اہم اجلاس طلب کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں دیگر ممبران الیکشن کمیشن بھی شریک ہوں گے،اجلاس میں وزیراعظم کے الیکشن کمیشن سے متعلق الزامات اور بیانات کا جائزہ لیاجائےگا۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے بیان کی ویڈیو بھی حاصل کرلی ہے۔

یاد رہے کہ آج  وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں  اپوزیشن سمیت الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر ہوتا توتحریک انصاف کو اتنی ہی سیٹیں ملتی جتنی ملنی تھیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، سب سے پہلے تو مجھے یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ کیوں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جاکر کہا کہ خفیہ بلیٹ ہونا چاہیے، کوئی آئین اجازت دیتا ہے رشوت دینے کی؟ کوئی آئین اجازت دیتا ہے چوری کرنے کی؟ جب آپ کو سپریم کورٹ نے موقع دیا اور کہا کہ الیکشن خفیہ کروالیں لیکن بیلٹ کی شناخت کا طریقہ رکھیں، مثال کے طور پر آج اگر ہم جاننا چاہیں کہ ہمارے جو 15، 16 لوگ جو بکے ہیں وہ کون ہیں تو آپ نے انہیں بھی بچالیا سیکرٹ بیلٹ کرواکے۔
وزیراعظم عمران نے کہا کہ آپ نے ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، یہ کونسی جمہوریت ہے جہاں پیسے دے کر کوئی سینیٹر بنتا ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مزید استفسار کیا کہ ہماری جو نوجوان آبادی ہے ہم ان کیلئے کیا مثال قائم کررہے ہیں؟ سارے ملک کے سامنے پیسے چل رہے ہیں، ویڈیو چل رہی ہے پیسے کی۔
وزیراعظم نے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ جب آپ کو سپریم کورٹ نے موقع دیا تو کیا وجہ تھی کہ آپ 1500 بیلٹ پیپرز پر کوئی بارکوڈ نہ لگاسکے۔ الیکشن کمیشن نے ملک کی جمہوریت کو ڈی کریڈٹ کرنے کا موقع دیا۔