15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی اب انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
24نیوز: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اب 15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ یہ اصول مردوں، خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کیلئے لاگو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے عمر کی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کیلئے کرکٹر کی عمر کم از کم 15 سال ہونا ضروری ہے۔
آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی حفاظت میں بہتری لانے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کرانے کی تصدیق کی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اور U19 کرکٹ سمیت تمام کرکٹ میں ہوگا اور یہ اصول مردوں، خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کیلئے لاگو ہوگا۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کچھ وجوہات کی بناءپر اگر کسی ملک کا کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر اپنے 15 سال سے کم عمر کھلاڑی کو کھلانا چاہتے ہیں تو انہیں اس کیلئے آئی سی سی کو درخواست دینی ہوگی جس میں وہ تمام وجوہات سے آگاہ کریں گے جس کے بعد آئی سی سی اس کھلاڑی کی صلاحیت دیکھتے ہوئے اسے اجازت نامہ دے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔ 1996ء سے 2005ء کے درمیان 7 ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے، دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال 227 دن کی عمر میں کیا تھا۔