پاکستان میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

May 13, 2021 | 09:22:AM
 پاکستان میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، فرزندان توحید نے نماز عید کی ادائیگی کیلئے جوق در جوق مساجد و امام بارگاہوں کا رخ کیا، حکومت کی طرف سے کورونا سے بچاو¿ کی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت دیگر شہروں  کی مساجد میں نماز عید کے ہزاروں اجتماعات ہوئے جن میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی  گئیں۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد اور اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ہوا، کراچی سمیت سندھ بھر میں عیدالفطر کے موقع پر نمازعید کے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے جہاں لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی اور وطن عزیز کی سلامتی و قیام امن کیلئے دعائیں مانگیں۔عید کے اجتماعات میں عالمی وبا کورونا سے نجات کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث کھلے مقامات پر نماز عید کی ادائیگی میں لوگوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا جبکہ سرگودھا، جھنگ اور چیچہ وطنی سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کے بعد ٹھنڈی ہواوں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

حکومت کی جانب سے عالمی وبا کورونا کے باعث عوام کو عید پر زیادہ میل جول اور رش والے مقامات پر جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بعض شہروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں بھی دیکھنے میں آئیں اور لوگ بغیر ماسک کے ایک دوسرے سے گلے ملتے رہے اور عید کی مبارکبادیں دیتے رہے۔