نام پر مہر لگنے کی وجہ سے ووٹ قابل شناخت ہوئے اسی وجہ سے مسترد ہوئے،فوادچودھری

Mar 13, 2021 | 22:05:PM
نام پر مہر لگنے کی وجہ سے ووٹ قابل شناخت ہوئے اسی وجہ سے مسترد ہوئے،فوادچودھری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں نام پر مہر لگنے کی وجہ سے ووٹ قابل شناخت ہوئے اور اسی وجہ سے مسترد کئے گئے۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے  کہا کہ سینیٹ کی کارروائی کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتی، واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ نام کے اوپر مہر نہیں لگانی، لیکن لوگوں کو کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگاؤ۔ نام پر مہر لگنے سے ووٹ قابل شناخت ہوگیا اور جب ووٹ قابل شناخت ہوجائے تو وہ مسترد کردیا جاتا ہے اسی لئے یوسف رضا گیلانی کے ووٹ مسترد ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں صرف 100 لوگ ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ اوپن بیلٹ کی حمایت کریں لیکن مسلم لیگ ن نے وقتی فائدے کیلئے قانون تبدیل کرنے سے انکار کیا، سیاستدان یاد رکھیں کہ انہیں منتخب کرکے اسمبلیوں میں بھیجا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے سات ووٹ اس بنا پر مسترد کردیئے گئے تھے کیونکہ ان میں نام کے آگے مہر لگانے کی بجائے نام کے اوپر مہر لگائی گئی تھی۔ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں مجموعی طور پر آٹھ ووٹ مسترد ہوئے تھے جن میں سے ایک ووٹ ڈبل مہر کی وجہ سے ریجیکٹ کیا گیا تھا۔