پی ایس ایل 9: پشاور زلمی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی

Mar 11, 2024 | 21:34:PM
پی ایس ایل 9: پشاور زلمی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افضل بلال) پی ایس ایل 9 کے 29 ویں میچ میں کانٹے دار مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی، کراچی کنگز 148 رنز کے تعاقب میں 145 رنز بناسکی۔

پشاور زلمی کے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، کراچی کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز ٹم سائفرٹ 8 چوکوں کی مدد سے 41 اور عرفان خان نیازی 26 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 39 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کپتان شان مسعود بغیر رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، پشاور کی جانب سے نوین الحق نے 2 لیوک ووڈ، عامر جمال اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر کیا اثر پڑا؟

ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 46 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 اور رومان پاول 18 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کراچی کنگز کی جانب سے ڈینئل سیمز، زاہد محمود، عرافات منہاس اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی پشاور زلمی 13 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آ گئی۔

قبل ازیں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹاس کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، بڑا سکور کر کے کراچی کنگز کو دباؤ میں لائیں گے اور میچ جیت پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کریں گے، دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے تک رسائی تو حاصل نہیں کر پائے لیکن میچ جیت کر ٹورنامنٹ کا اختتام اچھا کریں گے۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے جبکہ پشاور زلمی میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرسکتی ہے اور پہلی پوزیشن پر قبضہ جما سکتی ہے۔