شیخ رشید کا اسلام آباد سے کراچی اپنی منتقلی روکنے کیلئے عدالت سے رجوع

Feb 04, 2023 | 12:36:PM
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اسلام آباد سے کراچی اپنی منتقلی روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا
کیپشن: شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اسلام آباد سے کراچی اپنی منتقلی روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

شیخ رشید نے کراچی اور مری میں درج مقدمات کے سلسلے میں اپنی پولیس کو حوالگی روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ وکیل سردار عبدالرزاق خان کی وساطت سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ عمران نے آصف زرداری پر قتل کا الزام لگایا جس کا میں نے حوالہ دیا، میرے خلاف مقدمات میں مدعی متاثرہ فریق نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیاسی بیان بازی کی بنا پر مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے، نیز آبپارہ ، مری اور کراچی کے مقدمات غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیں۔

 درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی کا مقدمہ اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے یا اسلام آباد منتقل کیا جائے۔ عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک کراچی منتقلی سے روکنے کا حکم جاری کرے۔

شیخ رشید کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ، سندھ اور پنجاب کے آئی جیز، سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف صدر تھانہ حب میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔ شیخ رشید کے خلاف چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لیے نازیبا الفاظ کے استعمال پر پی پی کارکن نے مقدمہ درج کرایا۔

درخواست گزار نے کہا کہ شیخ رشید ملک میں امن و امان کو خراب کرنے اور خون ریزی کرانے کی سازش کر رہا ہے، ان کے نازیبا الفاظ سے پیپلزپارٹی اور عوام میں اشتعال پھیل گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شیخ رشید کے خلاف 506، 504، 500، 186 اور 153 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔