راولپنڈی، نجی ہاؤسنگ سکیموں میں موجود گینگز اور مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

Oct 03, 2023 | 22:02:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعود بٹ) راولپنڈی میں نجی ہاؤسنگ سکیموں میں مقیم گینگز اور مافیا کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تاریخ میں پہلی بار راولپنڈی میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کمشنر راولپنڈی کے کمیٹی روم میں صوبائی کابینہ کے 28 ویں اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نجی ہاؤسنگ سکیموں میں مقیم گینگز اور مافیاز کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، مختلف اداروں اور محکموں کی جانب سے کاروبار کیلئے این او سیز کے اجراء کو آسان بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں مری میں ٹی بی ہسپتال میں جنرل ہسپتال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو اعلیٰ معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، کچہری چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ پر کام شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں ڈوڈھچہ ڈیم، نالہ لئی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سروس کے جلائے گئے 3 اسٹیشز کی بحالی کیلئے فنڈز کی بھی منظوری دیدی گئی۔

راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی، سیف سٹی پراجیکٹ سے راولپنڈی میں جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی، پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں ہاسپٹل مینجمنٹ انفارمیشن اینڈ کیو مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ اور فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: مذہب کےنام پرشر انگیزی پھیلانےوالےعناصرسےآہنی ہاتھوں سےنمٹنےکافیصلہ

بہاولنگر، فیصل آباد اور لاہور میں ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹس میں پریذائیڈنگ آفیسرز کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی، رحیم یار خان کے علاقے خان پور میں کیڈٹ کالج کو آپریشنل کرنے کی منظوری دی گئی، سینٹرل لائبریری بہاولپور کی اپ گریڈیشن اور تزئین و بحالی کی بھی منظوری دی گئی۔

گورنمنٹ آف پنجاب، ہرن فاؤنڈیشن اور ہوبارہ فاؤنڈیشن کے درمیان ایم او یو میں دوسری ترمیم کی منظوری دی گئی، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے ممبران کی نامزدگی کی بھی منظوری دی گئی، کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کیلئے چیئرپرسن اور ٹیکنیکل ماہرین کی نامزدگی کی بھی منظوری دے دی۔

کمشنرراولپنڈی نے فلاح عامہ کے پراجیکٹ کے بارے میں کابینہ کو بریف کیا، آر پی او راولپنڈی نے امن عامہ کی صورتحال کے بارے بریفنگ دی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے 7 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔