آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے،راجہ پرویز اشرف نے جیالوں کو خوشخبری سنا دی

May 31, 2021 | 00:22:AM
آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے،راجہ پرویز اشرف نے جیالوں کو خوشخبری سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاست کی وجہ سے نہ صرف ملک بلکہ جمہوریت کا نقصان ہوا اور پارلیمنٹ کمزور ہوئی، بلوچستان حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ،صوبائی حکومت نے تین سال میں کوئی ترقیاتی کارنامہ سرانجام نہیں دیا اور نہ ہی صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے ،ملک اور بلوچستان میں آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے، اقتدار میں آکر بے روزگاروں کو روزگارفراہم ،امن بحال اور نکالے گئے سرکاری ملازمین کوبحال کریں گے۔
کوئٹہ کے علاقے نوحصار میں تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی سینٹر ل کمیٹی کے رکن سردار عبید ترین، ولید ترین، وقار بازئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شیوہ ہے کہ کارکنوں کو نہ صرف احترام اور انہیں عزت دی جائے بلکہ ہم پارٹی میں شامل ہونے والوں کے لئے آنکھیں بچھاتے ہیں، سردار عبید ترین کی پارٹی میں شمولیت سے بلوچستان میں پیپلز پارٹی مضبوط اور فعال ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جاری سیاست کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ جمہوریت کا نقصان ہوا اور پارلیمنٹ کمزور ہوئی ، بلوچستان حکومت نے تین سال میں کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دیا، الٹا بلوچستان میں ترقی اور امن و امان کی صورتحال بری طرح متاثر ہوئی ہے، حکومت مکمل طور پر ناکام ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے، پیپلز پارٹی پورے پاکستان اور بلوچستان میں حکومت بنائے گی اور اقتدار میں آکر عوام کی خدمت ، ترقیاتی کام کروائے گی ،بے روزگاروں کو روزگارملے گا، جنہیں حکومت نےسرکاری نوکریوں سے نکالا ہے انہیں ملازمتوں پر بحال کیا جائےگا، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار عبید ترین نے کہا کہ انکے والد کی پیپلز پارٹی سے دیرینہ وابستگی رہی، وہ کچھ عرصے کے لئے پیپلز پارٹی سے دور ضرور ہوئے مگر انکا دل پیپلز پارٹی کے ساتھ تھا، پیپلز پارٹی ہی و ہ جماعت ہے جو ملکی مسائل حل کرسکتی ہے، اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دکی، سنجاوی، کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں پارٹی کو فعال اور مضبوط کرنے میں کردار ادا کرونگا۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی کی آزاد کشمیراسمبلی کے انتخابات 2 ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی تجویز