ہر حال میں غزہ مارچ کرینگے،نہیں چاہتے اسلام آباد انتظامیہ کی بدنامی ہو،سراج الحق

Oct 28, 2023 | 20:35:PM
ہر حال میں غزہ مارچ کرینگے،نہیں چاہتے اسلام آباد انتظامیہ کی بدنامی ہو،سراج الحق
کیپشن: سراج الحق، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاکہنا ہے کہ ہم کل ہر حال میں غزہ مارچ کریں گے،ہم نہیں چاہتے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی بدنامی ساری دنیا میں ہو،اگر مارچ پر شیلنگ کی گئی تو ساری دنیا کہے کی انتظامیہ نے یہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کل سے اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملہ شروع کیا ہے،غزہ میں ابلاغ کے تمام ذرائع بند ہیں،غزہ تک رسائی کا کوئی راستہ نہیں،ادویات، کھانے کے سامان کے بھی راستے بند ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ غزہ آگ میں جلتا رہا اور اقوام متحدہ کا بیس دن کوئی اجلاس نہیں ہوا، غزہ میں سات ہسپتال 24 شفا خانے تباہ ہوچکے ہیں، سکولز، سویلین آبادی پر حملے جاری ہیں،اسوقت فلسطینی بہن بھائی عالم اسلام کی طرف دیکھ رہے ہیں،انکی مدد کرنا انکی آواز سننا ہمارا حق بنتا ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی نے مظلوم بھائیوں کی آواز پر لبیک کرتے ہوئے غزہ مارچ کا اعلان کیا ہے،ہماری مقامی قیادت نے انتظامیہ سے بھی بات کی،آج بارہ بجے انتظامیہ نے ہماری جلسہ گاہ کو دیکھنا تھا،بارہ بجے کے بعد انتظامیہ نے ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا اور لاوڈسپیکر اٹھا لئے، انتظامیہ نے کہا آپ کے احتجاج میں امریکی سفارتخانے کا نام کیوں لیا۔

یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکل سواروں کو آدھی قیمت پر پیٹرول دینے کا اعلان
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ہم امریکہ کیخلاف اس وجہ سے ہیں کیونکہ وہ بھی اسرائیل کے ساتھ ہے،امریکی وزیر خارجہ اور صدر اسرائیل کا دورہ کر چکے ہیں،امریکہ نے اسرائیل کی بجائے غزہ کی مذمت کی۔ان کاکہناتھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سیکرٹری جنرل نے کہا فلسطینی آزاد زندگی نہیں گزار سکتے،سیکرٹری جنرل کے مطابق غزہ کے لوگوں کو یقین ہوگیا تھا کہ اب اس مسئلے کا کوئی حل نہیں۔
سراج الحق نے کہاکہ کل کا مارچ فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دینے کی جدوجہد کا حصہ ہے،ہم چاہتے ہیں غزہ پر بمباری ختم ہو لوگوں کے پاس کھانے پینے سمیت دوسرا سامان پہنچے،اسلام آباد انتظامیہ شاہ سے زیادہ شاہ کی وفادار مت بنے،ہمارا احتجاج پرامن ہوگا اس میں خواتین بھی شریک ہوں گے،کل ہمارے بچے اور نوجوان بھی ہمارے ساتھ ہوں گے۔
ان کا کہناتھا کہ غزہ میں ڈاکٹروں کو بھی معاف نہیں کیا گیا،غزہ کے لوگ آج بھی گھٹن،محاصرے کے باوجود کھڑے ہیں،ماضی میں جو کچھ ہوا ہم نے اس سے سبق سیکھا،ماضی میں مسلمانوں پر حملے ہوتے تو آدھے مسلمانوں کو کہا جاتا تھا ہم آپکے ساتھ ہیں،اسوقت غزہ کا ساتھ نہ دینا میر جعفر اور صادق کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گھی، آئل ، چینی کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت میں بڑی کمی