چند روز میں آزادی مارچ کا نتیجہ مل جائے گا،مولانا فضل الرحمان 

Mar 27, 2022 | 23:55:PM
جے یو آئی، مولانا فضل الرحمان، عمران خان سن لو، آپ کے ایجنڈے، اسلام کا جنازہ نکالنا، اسرائیل کو تسلیم کرانا تھا،
کیپشن: مولانا فضل الرحمان کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)جمعیت علمائے اسلام(جے یوآئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ عمران خان سن لو میں آپ کے ایجنڈے کو جانتا ہوں،آپ کا ایجنڈا پاکستان سے اسلام کا جنازہ نکالنا اور اسرائیل کو تسلیم کرانا تھا،آپ کے دن اب گنے جا چکے ہیں ،آج کہا کہ میں قوم کو سرپرائز دوں گا،شاہ زین بگٹی کے ذریعے سے ان کو ضرورسرپرائز مل گیا،ان کے ابھی اور اتحادی بھی گریں گے۔
اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ آج آپ نے آزادی مارچ کی یاد تازہ کردی ہے، آج یہاں عوام کا جم غفیر بیٹھا ہے، آپ ایک بار پھر نئے ولولے کے ساتھ اسلام آباد آئے ہیں ، چند روز میں آزادی مارچ کا نتیجہ مل جائے گا،انہوں نے کہاکہ آج اسلام آباد میں ایک جلسی بھی منعقد کی گئی ، پتہ نہیں کہاں سے اس کے غبارے میں ہوا بھری گئی ، وہ سمجھ رہے تھے ہوا بھراغبارہ شاید حقیقی ہے،جب اس غبارے میں ایک سوئی لگی تو ساری ہوا نکل گئی ۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہاکہ پیسے دے کر اورسرکاری وسائل استعمال کرکے بھی جلسہ گاہ نہیں بھر سکے ،عمران خان سن لو میں آپ کے ایجنڈے کو جانتا ہوں،آپ کا ایجنڈا پاکستان سے اسلام کا جنازہ نکالنا اور اسرائیل کو تسلیم کرانا تھا،آپ کا ایجنڈا دینی مدارس کا خاتمہ تھا، اسلام کے مجاہدوں نے میدان میں نکل کر آپ کو شکست دی ہے،مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ امریکا نے اسلامی دنیا میں اس طرح کے ایجنٹ چھوڑے ہوئے ہیں ، امریکا کا ایجنڈا کبھی پورا نہیں ہوگا اسلامی ملک اسلامی ہی رہیں گے ،نئی نسل کو گمراہ کرنے کیلئے بین الاقوامی پیسہ استعمال کیا،ہم نے بین الاقوامی ایجنڈے کو ناکام بنایا ہے،ہمارے مدارس میں ہزاروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، آج ان کو ریاست مدینہ یاد آگئی۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ آج ہم اپنی فتح اور تمہاری شکست کا اعلان کرتے ہیں ، پاکستان کو کمزور کرنا امریکا کی پالیسی تھی،پاناما لاکر سیاسی عدم استحکام لایا،عمران خان کو لاکر معاشی عدم استحکام لایا گیا،ہم نے ملکی سلامتی کی جنگ لڑی ہے،عمران خان کو بین الاقوامی منصوبے کے تحت ملک پر مسلط کیاگیا تھا،ملک میں ایسے حالات پیدا کئے جس سے معیشت ڈوب گئی مہنگائی کا طوفان آیا،انہوں نے کہاکہ ایسی نمائشیں ہم نے بہت دیکھی ہیں ، یہ کبھی کامیاب نہیں ہوئیں ،آپ کے دن اب گنے جا چکے ہیں ،آج کہا کہ میں قوم کو سرپرائز دوں گا،شاہ زین بگٹی کے ذریعے سے ان کو ضرورسرپرائز مل گیا،ان کے ابھی اور اتحادی بھی گریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ تم کہتے ہو کسی کو نہیں چھوڑوں گا، اپنی فکر کرو تمہیں کوئی نہیں چھوڑے گا، تم کہتے ہو این آر او نہیں دو گے، تم ہماری گرفت میں ہو،تم نے کشمیر بیچ دیااور کشمیر کے حقوق کی بات کرتے ہو، تم نے کشمیر کی تقسیم کا فارمولا کس کے اشارے پر پیش کیا تھا، مجھے کشمیری قیادت کہتی تھی ڈر ہے بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردے گا۔
انہوں نے کہاکہ جلسہ اب یہاں نہیں ٹھہرے گا، جلسہ اب پھیلے گا ہماری مجبوری ہے،ہم عوام کے سامنے اتنے ہی بے بس ہیں جتنا قانون کے سامنے اسلام آباد انتظامیہ،ہم قانون کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن ہمارا امتحان مت لو،اگر ہمارا امتحان لینے کی کوشش کی تو تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا سرپرائز یہ تھا کہ آج بھی بھٹو زندہ ہے، بلاول کا وزیراعظم کے خطاب پر دلچسپ تبصرہ