فواد خان کو عامر خان کے نقشِ قدم پر چلنا مہنگا کیوں پڑا ؟

Sep 24, 2022 | 12:34:PM
فائل فوٹو
کیپشن: فواد خان کو عامر خان کے نقشِ قدم پر چلنا مہنگا کیوں پڑا ؟
سورس: Instagram
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )پاکستانی اسٹار فواد خان نے انکشاف کیا کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں اپنے کردار کے لیے اُنہیں اپنا وزن 100 کلو تک بڑھانا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق فواد خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں اُنہوں نے کافی عرصہ اسکرین سے غائب رہنے اور اپنے نئے آنے والے میگا پروجیکٹس کے بارے میں بات کی۔اداکار نے انکشاف کیا کہ اُنہیں فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘میں کام کرنے کے لیے وزن بڑھانا پڑا جس کے لیے اُنہوں نے بھارتی اداکار عامر خان اور برطانوی اداکار کرسچن بیل کو فالو کرنے کی کوشش کی۔

اُنہوں نے اپنی نئی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ اس فلم میں اپنے کردار کو ادا کرنے کے لیے جو میں نے اپنے ساتھ کیا وہ بالکل بھی ٹھیک نہیں تھا، اور میں دوبارہ ایسا کبھی نہیں کروں گا‘۔ اُنہوں نے بتایا کہ ’میں نے کچھ قابل اعتراض کاموں کا انتخاب کیا، جس کا مجھ پر بہت منفی اثر ہوا‘۔

مزید پڑھیں:’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے بھارت میں بھی چر چے

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’اپنی ظاہری جسامت کو تبدیل کرنا بہت مشکل کام ہے اور لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ جب آپ ایسا کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ آپ کی صحت پر بہت زیادہ اثر ڈالتا ہے اور میرے ساتھ تو یہ ہوچکا ہے‘۔فواد خان نے بتایا کہ ’میں دس دن اسپتال میں داخل رہا، میرے گردے صحیح  سے کام کرنا بند ہو گئے تھے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’پھر ڈاکٹرز نے مجھے کم چلنے اور ذہنی دباؤ سے مکمل طور پر گریز کرنے کو کہا‘۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ’میرا وزن تقریباََ 73 سے 75 کلو تھا، لیکن فلم کے کردار کو اداکرنے کے لیے وزن کو 100 کلو تک بڑھایا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’جو کچھ ہوا وہ حالات کی وجہ سے ہوا، میں کرسچن بیل نہیں ہوں لیکن میں نے ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی کوشش کی، یہاں تک کہ اس معاملے میں تو میں نے عامر خان کو بھی فالو کیا‘۔واضح رہے کہ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ نے فلم’دنگل‘ میں اپنے کردار کے لیے اپنا وزن تقریباََ 97 کلو تک بڑھایا تھا۔