ملک میں بر وقت انتخابات کروانے کیلئے ایک اور درخواست دائر

Aug 24, 2023 | 18:07:PM
ملک میں بر وقت انتخابات کروانے کیلئے ایک اور درخواست دائر
کیپشن: سپریم کورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)ملک میں بر وقت انتخابات کروانے کیلئے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائرکردی گئی،سپریم کورٹ میں درخواست ملک بابر حمید نے دائر کی،درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا 5 اگست 2023 کا اجلاس غیر آئینی تھا،اپیلیٹ فورم کی موجودگی میں اجلاس منعقد نہیں کیا جا سکتا تھا،درخواست میں کہا گیا ہے کہ کیا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگران وزرا اعلیٰ اجلاس میں شرکت کے مجاز تھے؟ کیا نگران حکومت 90 دن سے زیادہ بر قرار رہ سکتی ہے؟درخواست میں کہا گیا ہے کہ کیا الیکشن کمیشن 90 دن میں الیکشن کے آئینی حکم کو نظرانداز کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیاں شروع کر سکتا ہے؟ کیا پارلیمنٹ آئین میں ترمیم کے بغیر صدر کے آئینی اختیار کو کم کر سکتی ہے؟
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے 5اگست کو ہونے والے اجلاس کو غیر آئینی قرار دیا جائے، ڈیجیٹل مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے معاملے کو آئندہ حکومت پر چھوڑا جائے اورالیکشن کمیشن کو 90 روز کے اندر انتخابات کے انعقاد کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام حکومتی مشینری کو الیکشن کمیشن کی معاونت کا حکم دیا جائے،نگران وزرا اعلیٰ کی جانب سے 90 روز کی مدت کے بعد کئے گئے اقدامات کو غیر آئینی قرار دیا جائے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگران حکومتوں کو کام سے روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم کی طبیعت ناساز ، ہسپتال منتقل