وزیر تعلیم کا مستعفی ہونے کا اعلان 

Jun 23, 2021 | 20:43:PM
وزیر تعلیم کا مستعفی ہونے کا اعلان 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ان کاکہناتھا کہ میں ایسی ٹیم کا رکن ہوں جس کا کپتان چاہتا ہے کہ گول صرف وہ کرے کوئی اور کھلاڑی نہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قدوس بزنجو کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا،صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ اجلاس والے روز اسمبلی میں جو واقعہ ہوا اس کا افسوس ہے، اگر مسئلے کو پہلے حل کر لیا جاتا تو واقعہ پیش نہ آتا ۔
سردار یار محمد رند نے کہاکہ ہم بلوچستان اسمبلی کی مثالیں دیا کرتے تھے ،بلوچستان میں پی ٹی آئی بی اے پی کی اتحادی ہے، کاش اپوزیشن آج اس ایوان میں موجود ہوتی،آج پورا ایوان خالی پڑا ہے کیا جمہوریت اسے کہتے ہیں۔
وزیر تعلیم بلوچستان نے کہاکہ بجٹ میں میرے علاقے کیلئے کچھ نہیں رکھا گیا،ہر مرتبہ میرے ساتھ نا انصافی اور زیادتی ہوتی رہی ہے، انتخابات میں میرے حلقے میں ریکارڈ دھاندلی کی گئی، عام انتخابات میں مجھے رکن قومی اسمبلی نہیں بننے دیا گیا، بتایا جائے آج تک ملک میں کون سا الیکشن شفاف ہوا ہے،عوام کو ووٹ کے ذریعے ان کا حکمران چننے کا حق دینا ہوگا۔
سردار یار محمد رند نے کہاکہ میں نے بطور وزیر تعلیم اپنی پوری کارکردگی دکھائی،تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے انتھک محنت کی ،مجھے تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے کھل کر کام نہیں کرنے دیا گیا، میں ایسی ٹیم کا رکن ہوں جس کا کپتان چاہتا ہے کہ گول صرف وہ کرے کوئی اور کھلاڑی نہ کرے۔
سردار یار محمد رند نے وزیر اعلیٰ جام کمال پر نام لئے بغیر تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ میرے علاقے کو جانے والے راستوں کی چیک پوسٹوں پر مخالفین کو بٹھایا گیا ہے، اسمبلی فلور پر کہتا ہوں کہ مجھے یا میرے خاندان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار جام کمال ہوگا،سردار یار محمد رند نے وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا،ان کاکہناتھا کہ اسمبلی سے نکلتے ہی استعفیٰ گورنر کو پیش کردونگا۔

یہ بھی پڑھیں: ” بچوں کو امتحانات لئے بغیر ہی پاس کردیا جائے“بیان پر شفقت محمود کا دو ٹوک اعلان