شاہ محمود کے سعودی اور سویڈش ہم منصبوں سے رابطے ، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال 

Aug 23, 2021 | 18:29:PM
شاہ محمود کے سعودی اور سویڈش ہم منصبوں سے رابطے ، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور سویڈن کی وزیر خارجہ آنا لندے کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کئے اور دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزیر خارجہ نے او آئی سی کی جانب سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پر امن افغانستان، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ 
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ افغان قائدین، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے، اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ۔وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلاءمیں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے آگاہ کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

دریں اثنا سویڈن کی وزیر خارجہ آنا لندے نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون کیا جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان کے جامع سیاسی تصفیے کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کی موجودہ قیادت کی جانب سے سامنے آنے والے ابتدائی بیانات حوصلہ افزا ءہیں،پاکستان، افغانستان میں اجتماعیت کی حامل حکومت کا خواہاں ہیں۔
 وزیر خارجہ نے کہاکہ عالمی برادری کو افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، کابل سے سویڈن سمیت مختلف ممالک کے سفارتی عملے اور واپسی کے منتظر، شہریوں کے انخلا میں ہر ممکن معاونت فراہم کر رہا ہے،جسے وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے، سویڈن کی وزیر خارجہ نے کابل سے انخلاءکے عمل میں خصوصی تعاون پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ 
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، سویڈن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔وزیر خارجہ نے سویڈن کی وزیر خارجہ انا لندے کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
 یہ بھی پڑھیں۔