شہبازشریف کی درخواست ضمانت دوبارہ سماعت کے لئے مقرر

Apr 20, 2021 | 17:57:PM
 شہبازشریف کی درخواست ضمانت دوبارہ سماعت کے لئے مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کے حوالے سے کل جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ ساڑھے دس بجے سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق تین رکنی بنچ میں جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس سید شہباز علی رضوی  شامل ہیں۔ میاں شہباز شریف کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ پیش ہوں گے جبکہ نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل بخاری پیش ہوں گے ۔
بنچ کے دو ججز کے شہباز شریف کی درخواست ضمانت کے متعلق اختلاف پر معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تین رکنی فل بنچ تشکیل دینے کی منظوری دی۔
یاد رہے کہ بینچ میں شامل دونوں ججز نے اپنے الگ الگ فیصلے تحریر کئے تھے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہباز شریف کی ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ لکھا تھا جبکہ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے ضمانت دینے کی مخالفت کی۔ 
بینچ کے دونوں ممبران کے فیصلے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم علی خان کو بھیجے گئے تھے اور ریفری جج بنانے کی سفارش کی گئی تھی، تاہم لاہور ہائی کورٹ نے ریفری جج مقرر کرنے کے بجائے کیس کی سماعت کے لیے ازسر نو فل بینچ تشکیل دے دیا ہے جو ضمانت کی درخواست پر ازسر نو سماعت کرے گا۔
14 اپریل کو شہباز شریف کی ضمانت لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے منظور کی تھی تاہم دو روز کے بعد صورت حال اس وقت بدل گئی جب فیصلہ کرنے والے ججز کے درمیان اختلافات سامنے آیا اور شہباز شریف رہا نہ ہو سکے۔ 
 شہباز شریف کی ضمانت کے تحریری فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے ججز نے ایک دوسرے پر تنقید بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کی پیپلزپارٹی سے مخالفت کھل کر سامنے آ گئی