نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

Jan 19, 2024 | 18:00:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

مذکورہ اجلاس میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری، گوجرانوالہ ایکسپریس وے، دودوچھہ ڈیم، جہلم لئلہ روڈ اور دیگر منصوبوں پر بات کی گئی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں عوام کی فلاح کیلئے جاری منصوبوں کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے دن رات محنت کرکے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کو فروری کے آغاز میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے، لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری میگا پراجیکٹ ہے، مقررہ مدت سے قبل کھول کر عوام کو جلد از جلد آمدورفت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ملتان، ہندو برادری شمشان گھاٹ موجود نہ ہونے سے پریشان ، قدیم پرہلاد مندر بھی کھنڈرات میں تبدیل 

اس دوران نگران وزیراعلیٰ نے دودوچھہ ڈیم پراجیکٹ کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور ساتھ ہی ساتھ چن دا قلعہ فلائی اوور پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایات کیں۔

اجلاس میں جہلم لئلہ روڈ اور راولپنڈی کے عمار چوک کو کچہری تا سکیم تھری اور جے ایس ہیڈکوارٹر تا کچہری کو سگنل فری پراجیکٹ کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ ایف ڈبلیو او حکام نے مختلف پراجیکٹس پر ہونے والے پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل عبدالسمیع، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری ہاؤسنگ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔