انتشار پسند ٹولہ سیاسی مفاد کی خاطر اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا: عطا تارڑ

May 08, 2024 | 20:02:PM
انتشار پسند ٹولہ سیاسی مفاد کی خاطر اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا: عطا تارڑ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ انتشار پسند ٹولہ سیاسی مفاد کی خاطر اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگ ملک میں آگ لگانا چاہتے تھے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل 9 مئی کے دلخراش واقعات کو ایک سال مکمل ہو جائے گا، 9 مئی ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 9 مئی کے واقعات پاکستان کی سلامتی، وقار اور ترقی کے خلاف گھناؤنی سازش تھی، 9 مئی کے واقعات پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر کمزور کرنے کے لئے کئے، منظم منصوبہ بندی کے تحت 9 مئی کے واقعات سے ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی کے واقعات ملک کے خلاف سازش تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ایک اور چال، سیف اللہ نیازی کو ٹاسک دے دیا

انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث لوگوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، جو لوگ اس گھناؤنی سازش میں ملوث تھے ان کے چہرے بے نقاب کریں گے، قوم کو یاد دلائیں گے کہ یہ کون لوگ تھے جو اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوئے، یہ کون لوگ تھے جنہوں نے اپنے ہی ملک کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی؟ یہ کون لوگ تھے جنہوں نے ایسا کام کیا جو کبھی دشمن بھی نہ کر سکا؟ ان لوگوں کو اب تک کیا سزا دی گئی ہے اور ان کے خلاف کیا ایکشن لیا گیا ہے، اس پر بھی بات ہونی چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے سانحہ 9 مئی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ افسوسناک ترین واقعہ تھا، ہم جذبہ حب الوطنی سے سرشار تھے، کسی بھی سیاسی جماعت نے کبھی ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی، انتشار پسند ٹولہ سیاسی مفاد کی خاطر اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگ ملک میں آگ لگانا چاہتے تھے، کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کی گواہی دشمن نے بھی دی، 9 مئی والوں نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو بھی آگ لگا دی، اگر کوئی جان کا نذرانہ پیش کر دے اس سے بڑھ کر اور کیا قربانی ہو سکتی ہے؟ انتشار پسند ٹولے نے سیاسی مقاصد کی خاطر شہداءکی یادگاروں کو مسمار کیا، اگر آپ کو اختلاف تھا تو آپ سیاسی پارٹیوں کے خلاف جلوس نکالتے، اپنے سیاسی رہنما کے حق میں احتجاج کرتے، ان کا مقصد احتجاج نہیں ملک میں انتشار اور فتنہ پھیلانا تھا۔

وزیر اطلاعات نے 9 مئی کے حوالے سے نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ ”بے حرمتی ان کی گوارہ نہیں...  ہونے دینا اب دوبارہ نہیں“ 9 مئی کا سلوگن ہے، 9 مئی کے سانحہ میں ملوث افراد نے شہدا کی یادگاروں کو نذر آتش کیا، ان کی بے حرمتی کی، پاکستان ہماری شناخت ہے، یہ ملک سب سے پہلے ہے، پاکستان رہے گا، تا قیامت رہے گا، پاکستان کے حصول میں ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں، 9 مئی کے کیسز اب تک منطقی انجام کو پہنچ جانے چاہیے تھے، امریکہ میں کیپیٹل ہل پر حملہ ہوا تو تمام ملوث افراد کو سزائیں دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی 2 روپے 84 پیسے مہنگی، اطلاق کب سے ہو گا؟ جانیے

وزیر اطلاعات نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو پیغام ہے کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، ہمارا سب کچھ اس ملک کی سالمیت سے جڑا ہوا ہے، آج ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، عالمی مالیاتی جریدے ملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں مثبت پیشنگوئی کر رہے ہیں، 9 مئی کا دن قوم کبھی نہیں بھولے گی، پاکستان پر حملہ کرنے والے مکروہ چہروں کو کبھی نہیں بھولیں گے، وعدہ ہے ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کی ترقی اور بقاءکی خاطر جو اقدامات اٹھانا پڑا، اٹھائیں گے، 9 مئی ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، نوجوان ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔

وزیر اطلاعات نے عدلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عدلیہ سے گذارش ہے کہ کیسز منطقی انجام کو پہنچنے چاہئیں، 9 مئی کے حوالے سے کل کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس سے وزیراعظم خطاب کریں گے، کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پیپلز پارٹی، آئی پی پی، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق)، متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھی بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم کنونشن سینٹر میں تقریب سے بھی خطاب کریں گے، ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔