سٹیٹ بینک نے 75 روپے کا نیا یادگاری نوٹ جاری کردیا

Jul 04, 2023 | 21:11:PM
سٹیٹ بینک نے 75 روپے کا نیا یادگاری نوٹ جاری کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی 75 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے 75 روپے کا نیا یادگاری نوٹ جاری کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابقیادگاری نوٹ جاری کرنے کا مقصد آزاد ملک میں مرکزی بینکاری کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منانا ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے اور اسی مناسبت سے 75 روپے کا نیا یادگاری نوٹ جاری کررہے ہیں، جو محض ایک مرتبہ جاری ہوگا۔

اس حوالے سے سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر 75 روپے کا یادگاری نوٹ عام لوگوں کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تمام دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچز میں دستیاب ہے اور اسے ہر قسم کی روزانہ کی لین دین کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے نئے 75 روپے کے نوٹ کے فرنٹ پر قائداعظم اور عقب میں محترمہ فاطمہ جناح کی تصویر موجود ہیں جبکہ نوٹ پر متبادل توانائی کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ونڈ مل اور سولر پینل بنائے گئے ہیں۔ نوٹ پر خطاطی سے بنی سٹیٹ بینک کی عمارت بھی نوٹ پر موجود ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 75 روپے مالیت کا یادگاری نوٹ جاری کیا تھا تاہم اس بار جو کرنسی نوٹ جاری کیا گیا ہے اس کا ڈیزائن پہلے جاری کیے گئے نوٹ سے مختلف ہے البتہ دونوں ہی کرنسی نوٹ عوامی لین دین کیلئے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اوپن مارکیٹ میں روپے کا زور چلنے لگا، ڈالر، یورو، پاؤنڈ، درہم اور ریال سب کی قیمتیں کم ہو گئیں

خیال رہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے تقریب سے خطاب میں بینک دولتِ پاکستان کے سال 2028  تک کے 6 نکاتی سٹریٹجک پلان پر بریفنگ دی جس میں سرفہرست مہنگائی کو وسط مدتی ہدف 5 سے 7 فیصد پر لانا ہے۔گورنر سٹیٹ بینک نے تقریب میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی ایم ایف معاہدے کو اہم پیش رفت کہا اور معاہدے سے بیرونی فنڈنگ بہتر ہونے، زرمبادلہ ذخائر بڑھنے اور عمومی بہتری آنے کی امید ظاہر کی۔