شہری کی عدم بازیابی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیکرٹری داخلہ سمیت 5افسروں کو جرمانہ

Jan 01, 2021 | 15:04:PM
 شہری کی عدم بازیابی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیکرٹری داخلہ سمیت 5افسروں کو جرمانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)عدالت عالیہ اسلام آباد نے 6 سال قبل اغوا ہونیوالے شہری غلام قادر کی عدم بازیابی پر سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، ایس پی انویسٹی گیشن،ایس ایچ او گولڑہ اور تفتیشی افسر کو شہری کے تحفظ میں ناکامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے 1کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا  ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے6 سال قبل اغوا ہونیوالے شہری غلام قادر کی بازیابی کیلئے اسکے بھائی کی جانب سے دائر درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹاتے ہوئے اپنے فیصلے میں لکھا ہےکہ30دن کے اندر شہری کو بازیاب کرائیں ورنہ ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی.

عدالت عالیہ اسلام آباد نےسیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع ، ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس ایچ او گولڑہ پر 1کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔عدالت نے کہا شہری کی بازیابی کے لئے پولیس اور متعلقہ اداروں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا ، متعلقہ افسران آئین کے تحت شہری کے تحفظ میں ناکام رہے، ریاستی مشینری ذمہ دار ہے۔واضح رہے کہ غلام قادر کو 28 اگست 2014 کو تھانہ گولڑہ کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔پولیس تاحال غلام قادر کو بازیاب نہیں کر سکی۔