پاکستانی نژاد جرمن ماہرِ جینیات آصفہ اختر  میکس پلانک یونیورسٹی کی نائب صدر منتخب

Nov 29, 2020 | 10:13:AM
پاکستانی نژاد جرمن ماہرِ جینیات آصفہ اختر  میکس پلانک یونیورسٹی کی نائب صدر منتخب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

24 نیوز:  پاکستانی نژاد جرمن ماہرِ جینیات آصفہ اختر کو جرمنی کی مشہور میکس پلانک یونیورسٹی کے شعبہ حیاتیات اور طب کی نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ سوسائٹی کی تاریخ میں اس مقام تک پہنچنے والی وہ پہلی خاتون قرار پائی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیدا ہونے والی آصفہ اختر کے متعلق ہفت روزہ سائنسی جرنل ’نیچر‘ نے لکھا ہے کہ ڈاکٹر آصفہ اختر اپنی غیرمعمولی تحقیق سے جرمن سائنس کمیونٹی میں ممتاز مقام رکھتی ہیں۔

 کروموسوم اور ایپی جنیٹکس ان کا خاص شعبہ ہے۔ نائب صدر کے اعزاز کے بعد وہ سوسائٹی کے زیرِ تحت 27 اداروں اور 7 تحقیقی تجربہ گاہوں کا انتظام بھی سنبھالیں گی۔ ڈاکٹر آصفہ اخترنے کراچی سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور یونیورسٹی کالج لندن سے بی ایس سی کیا۔

   آصفہ اختر  نے فرانسِس کرک انسٹی ٹیوٹ سے ڈاکٹریٹ کی۔ ڈاکٹریٹ کے بعد انہوں نے کروماٹِن کا کام یورپی مالیکیولر بائلوجی لیبارٹری میں انجام دیا۔ اس وقت وہ ’سیل سائنس‘ نامی تحقیق جرنل کی مدیر بھی ہیں۔

سوسائٹی کے شعبہ طب و حیاتیات کے تحت تمام ادارے زندہ اجسام، نشوونما، احساسات اور دیگر امور پراعلیٰ معیاری تحقیق کررہے ہیں۔ نیچر انڈیکس کے تحت سوسائٹی کے اکثر ادارے جرمنی کے سب سے معیاری سائنسی ادارے بھی ہیں۔ نیچر نے کہا ہے کہ آصفہ اخترکا انتخاب نئی نسل کے سائنسدانوں کے لیے تحریک فراہم کرے گا۔

  آصفہ اختر نے اس اعزاز ملنے کے بعد کہا، ’مجھے اپنی ذمے داریوں کا احساس ہے جس پر میں بہت سنجیدگی سے عمل کروں گی۔ ’میں نوجوان سائنسدانوں جرمن تحقیق کا سرخیل بنانا چاہتی ہوں ، وہ 2013 سے میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ آف امیونولوجی اینڈ ایپی جنیٹکس کی سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے ڈی این اے سے ہٹ کر بھی جین پر اثر ڈالنے والے عوامل پر غور کیا جو ایپی جنیٹکس کی بنیاد ہیں۔ 2019 میں آصفہ اخترنے ایک معرکتہ الاآرا مقالہ لکھا جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح بعض خامرے (اینزائم) جینوم کو جوڑے رکھتے ہیں اور اس شعبے کے بڑے دماغوں نے اسے بہت سراہا۔

ان کا دوسرا اہم کام کروماٹِن پر ہے جو ڈی این اے اور پروٹین سے بنی ایک شے اور جو خلیے کے مرکزے (نیوکلیئس) میں کوموسوم کی تشکیل کرتا ہے۔ اس تحقیق پر انہیں فیلڈبرگ انعام دیا گیا جو ہرسال صرف ایک ہی ماہر کو ملتا ہے۔ اس کے بعد آصفہ اخترکو 1652 میں جرمنی کی سب سے قدیم سائنسی اکادمی کی رکنیت عطا کی گئی۔یورپی مالیکیولر بائیلوجی لیبارٹری کے سابق سربراہ لین میٹاج نے  آصفہ اخترکے بارے میں کہا کہ وہ علم کی اس مصروف ترین شاخ میں ہمیشہ انتہائی بنیادی اور حقیقی سوالات کرتی رہیں۔