کورونا کی تیسری لہر خطرناک۔۔ پنجاب میں سخت پابندیاں لگ گئیں

Mar 29, 2021 | 12:43:PM
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)پنجاب کے 12 فیصد سے زائدمثبت کیسز والے شہروں میں یکم سے 11 اپریل تک موثر لاک ڈاؤن لگانے  کا  اعلان کردیا گیا۔شادی تقریبات اور ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ پر بھی  پابندی عائد کردی گئی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب   کی زیر صدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی  کا اجلاس ہوا ۔جس میں محکمہ صحت کے حکام نے کورونا کی تیسری لہر  سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں کورونا ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کو مکمل بند نہیں کرسکتے۔ فی الحال فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن شہروں میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 12 فیصد سے زائد ہے وہاں سخت لاک ڈاؤن لگایا جائے گا۔یکم اپریل  سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ صوبے کی ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں میٹرو بس ،اوررنج ٹرین اور سپیڈو  بس سروس شامل ہے۔اس کے علاوہ تمام ریسٹورنٹس بھی بند ہوں گے صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروس کی اجازت ہوگی۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ  پنجاب کے تمام پارکس ،سپورٹس اور کلچرل پروگرام بند رہیں گے۔بازار اور دکانیں شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی۔البتہ ہفتے میں 2 روز کاروبار بند ہوگا۔ وزیراعلیٰ  نے یہ بھی کہا کہ تمام پابندیوں کا اطلاق 11 اپریل تک ہوگا البتہ کابینہ کمیٹی 7 روز کے بعد فیصلوں کا  ازسرنو جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ  محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ شرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں 23 فیصد ہے جبکہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 18 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں 13 فیصد جبکہ ملتان میں یہ شرح 12 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   آدھا لاہور بند۔۔مکمل لاک ڈائون فو ری طور پر لاگو کر دیا گیا، علاقوں کی فہرست جاری