عالمی تنظیموں اور اداروں کا سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر سے زائد امداد کا اعلان 

Aug 25, 2022 | 21:03:PM
بین الاقوامی تنظیموں ، مالی اداروں، سیلاب متاثرین، 50کروڑ ڈالر، امداد کا اعلان
کیپشن: سیلاب زدہ علاقہ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)بین الاقوامی تنظیموں اور مالی اداروں نے سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی فوری امداد کا اعلان کردیا،وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل پر بین الاقوامی تنظیموں اور مالی اداروں نے امداد کا اعلان کیا،بین الاقوامی تنظیموں نے وزیراعظم کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سیلاب زدگان کی مدد کیلئے انٹرنیشنل پارٹنرز کے ساتھ اجلاس ہوا، اجلاس میں ورلڈبینک، ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت چین ، امریکا اور یورپی ممالک کے نمائندے شریک ہوئے، اقوام متحدہ کے مختلف ذیلی اداروں، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے، وزیراعظم نے انٹرنیشنل پارٹنرز کو ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بارشوں، سیلاب سے ملک میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے ،بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ،وزیراعظم کا کہناتھا کہ مکانات، املاک کے علاوہ فصلیں، باغات اور انفراسٹرکچر صفحہ ہستی سے مٹ گئے، رابطہ سڑکیں، پل بہہ جانے، زمینی راستے کٹ جانے سے ریسکیو اور ریلیف میں مشکلات ہیں، پاک فوج اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ریسکیو اور ریلیف کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے شرکا کو بریف کرتے ہوئے کہاکہ 2010 سے بھی بڑھ کر سیلاب نے تباہی پھیلائی ہے، خوراک، ادویات، خیموں ، عارضی پناہ گاہوں کی متاثرین کو اشد ضرورت ہے، وفاقی حکومت، صوبوں ، مرکزی و صوبائی محکموں کے اشتراک عمل سے کام کررہی ہے، ان کا کہناتھا کہ سیلاب کی تباہی کا حجم بہت زیادہ ہے، عالمی اداروں، تنظیموں، ممالک اور مالیاتی اداروں کا ہنگامی تعاون درکار ہے ، سندھ اور بلوچستان کے بڑے حصے کو پہلے ہی آفت زدہ قرار دیاجا چکاہے، جلد سے جلد ہر متاثرہ پاکستانی تک پہنچنا چاہتے ہیں ۔
وزیراعظم نے انٹرنیشنل پارٹنرز سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وسائل کی دستیابی سے ہماری مدد کریں،طبی عملے سمیت درپیش حالات سے نمٹنے کیلئے ضروری اشیا کی فراہمی درکار ہے، وزیراعظم نے انٹرنیشنل پارٹنرز کو متاثرہ علاقوں کے دورے کی بھی دعوت دی،حکومت پاکستان سیلاب متاثرہ علاقوں میں انٹرنیشنل پارٹنرز کے دورے کے انتظامات کریگی۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیراعظم کو 35 کروڑ ڈالر کی فوری امداد سے آگاہ کیا، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈبینک نے وزیراعظم کے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کی تعریف کی، ورلڈ بینک یہ امداد رواں ہفتے کے آخر تک مکمل طور پر فراہم کردے گا، ورلڈ فوڈ پروگرام نے سیلاب متاثرین کیلئے 11 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے 2 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا، یو کے ایڈ نے 15 لاکھ پاﺅنڈ کی فوری امداد کا اعلان کیا، یواے ایڈنے سیلاب متاثرین سے متعلق منصوبوں کیلئے 3 کروڑ80 لاکھ پاﺅنڈ کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ عالمی اداروں کی مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے اقدام کا خیرمقدم کرتا ہوں،حکومت سیلاب متاثرین کی فوری بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 108 ضمنی انتخاب، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عابد شیرعلی طلب