جنید جمشید کے انتقال کے بعد فیملی کو مالی مشکلات کا سامنا

May 24, 2023 | 15:05:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)دل دل پاکستان سے شہرت پانے والے ،مذہبی سکالر جنید جمشید کے بیٹے بابر جنید جمشید نے پہلی بار ایک انٹرویو کے دوران اپنے والد کی وفات کے بعد مالی مشکلات کا سامنا کرنے کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے مالی مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ والد کے انتقال کے بعد ہم نے اپنا گھر بیچ دیا، ہمارے لیے اس مخصوص طرز زندگی کو برقرار رکھنا کافی مشکل ہو رہا تھا جوکہ ہمارے پاس اپنے والد کی زندگی میں تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو ہمارا اپنے مالی معاملات کی بات کرنے پر لگتا ہے کہ ہم جھوٹ بول رہے ہیں لیکن ہمیں واقعی مالی مسائل سے گزرنا پڑا۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ دراصل بات یہ ہے کہ ہمارے والد کی وفات کے وقت وہی ہمارے گھر کے واحد کفیل تھے اور ہم سب بہن بھائی طالب علم تھے۔

بابر جنید جمشید نے کہا کہ لیکن اللّٰہ ہمیشہ اپنے منتخب لوگوں کو آزماتا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ والد کی وفات کے بعد انجان لوگ ہمارے گھر آنے لگے اور ہمارے والد کے قرض کے نام پر موٹی رقم کا مطالبہ کرنے لگے اور ہمیں ان لوگوں کے بارے میں کبھی علم ہی نہیں تھا تو ہم مطلوبہ رقم کیسے ادا کر سکتے تھے۔ 

View this post on Instagram

A post shared by 24NewsHD.Tv (@24newshd.urdu)

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں اپنے والد کے مالی معاملات، ان کے خیراتی اداروں اور ان کے دوسرے کاروبار کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا، بس ہمیں صرف ان کے ایک برانڈ کی دکان کے بارے میں علم تھا، باقی ہر چیز کے بارے میں بالکل لاعلم تھے۔

بابر جنید جمشید نے تبلیغ میں اپنی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ والد کی وفات کے چند ماہ بعد میں نے سوچا کہ تبلیغ میں شامل ہو جاؤں، میں نے اپنے والد کے دوستوں سے بات کی جن میں کرکٹر سعید انور بھی شامل تھے اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ دین کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ جذبات میں آکر نہیں لیا جاتا بلکہ ہوش سے لیا جاتا ہے تو آپ پہلے میرے ساتھ تبلیغ کے چالیس دن کے دورے پر چلو اس کے بعد فیصلہ کرنا کہ آپ کو آگے زندگی میں کیا کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:   ہماری ہرچیز درست رپورٹ نہیں ہوتی،عمران خان کیلئے پولیس نے مرسڈیز منگوائی ،چیف جسٹس

واضح رہے کہ 7 دسمبر 2016ء کو جنید جمشید پی آئی اے کے طیارے میں سوار تھے جو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا تھا، حادثے میں طیارے کے عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ملی نغمے دل دل پاکستان سے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے والے گلوکار و نعت خواں جنید جمشید کو دنیا سے رخصت ہوئے 6 سال ہوگئے۔