سیلابی علاقوں میں ریسکیو سرگرمیوں کیلئے صوبائی وزراء کو اگلے 7 روز تک فیلڈ میں رہنے کی ہدایت

Aug 24, 2023 | 20:56:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعود بٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 24 واں اجلاس ہوا جس میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کیلئے صوبائی وزراء کو اگلے سات روز تک فیلڈ میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں کابینہ نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا، صوبائی وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ریسکیو 1122 کی دن رات محنت کو سراہا گیا۔

اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کرنے والے صوبائی وزراء نے ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے بار ے میں رپورٹس پیش کیں۔

اجلاس میں چند اور اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم

کابینہ نے ای پے کے ذریعے موٹر وہیکل ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی پر 5 فیصد رعایت جون 2024ء تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

اسکے علاوہ میو ہسپتال کا نیا او پی ڈی بلاک بنانے کی منظوری بھی دی گئی، کارڈیک انسٹی ٹیوشنز اور ٹرثری کیئر ہسپتالوں کے کارڈیک یونٹس میں انجیو گرافی سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس کو رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ کی جانب سے محکمہ ایکسائز کے ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کے اس اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔