ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

Mar 23, 2023 | 09:05:AM
آج ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) آج ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان ایئر فورس کے چاق چوبند دستہ گارڈز کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔

لاہور میں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارے جانے کی خصوصی تقریب ہوگی جس میں ملک بھر سے شائقین شریک ہوں گے۔ پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے مابین مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ بھی ہوگا۔

نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔ یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔