پنجاب میں چینی اور آٹا کیلئے لگی لائنوں سے ہی کورونا پھیلا، سلمان نعیم

May 19, 2021 | 20:35:PM
پنجاب میں چینی اور آٹا کیلئے لگی لائنوں سے ہی کورونا پھیلا، سلمان نعیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور جہانگیر ترین گروپ کے رکن سلمان نعیم نے پنجاب میں کورونا پھیلنے کا الزام اپنی ہی حکومت پر لگا دیا اور کھل کر تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم کاکہناہے کہ پنجاب میں عوام کو لائنوں میں لگ کر چینی اور آٹا خریدنا پڑ رہا ہے،میں تو سمجھتا ہوں پنجاب میں کورونا پھیل ہی ان وجوہات کی بنا پر رہاہے۔
رہنما جہانگیر ترین گروپ نے کہاکہ اگربجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو ہم بجٹ کا بائیکاٹ کردیں گے ،ان کاکہناتھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کی پرفارمنس بہت بری رہی ہے،صورتحال یہی رہی تو اگلے الیکشن میں یہ پنجاب میں حکومت نہیں بنا سکیں گے ۔
سلمان نعیم نے کہاکہ عثمان بزدار کی حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے ،ہم ابھی تک لوگوں کو یہی بتاتے رہے ہیں کہ پچھلے حکمرانوں نے کیا کردیا،لوگ اب یہ سننے کو تیار نہیں ۔
جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ہمارے جائز مطالبات سنے اور تسلیم کئے جائیں ،عثمان بزدار ہمارے ووٹوں سے ہی وزیراعلیٰ بنے ہیں ،جس طرح وہ باقی ارکان کو ٹریٹ کرتے ہیں ہمیں بھی کریں ، ہم نے وزارتوں کی ڈیمانڈنہیں کی،کہہ رہے ہیں ترقیاتی منصوبوں میں جتنا حصہ باقی ارکان کو دیاجارہا ہے ہمیں بھی دیں ،میرے ترقیاتی فنڈز ڈیڑھ سال سے بلاک کئے ہوئے ہیں ، ان کاکہناتھا کہ شاہ محمود کو یہ اچھا نہیں لگتا میرے ذریعے سے حلقے کے لوگوں کے مسائل حل ہوں ۔
سلمان نعیم نے کہاکہ ہمارے پاس الیکشن میں لوگوں کو بتانے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، ہمارے ساتھ ابھی تک کسی سیاسی جماعت نے رابطہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سٹیٹ بنک 70 روپے مالیت کا سکہ جاری کرےگا