پرویز الہیٰ کی گرفتاری کا معاملہ، آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری جاری

Sep 18, 2023 | 11:42:AM
پرویز الہیٰ کی گرفتاری کا معاملہ، آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو رہا کرنے کے حکم  کی تعمیل نہ ہونے پر  توہین عدالت کے کیس میں  آئی جی  اسلام آباد پولیس  کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ 

تفصیلات کے مطابق  لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے چودھری پرویز الٰہی کی  گرفتاری کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری  پر عملدرآمد  نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری  کر دیئے۔

لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کو عدالتی حکم کے باوجود رہا نہ کرنے  کے معاملے پر سماعت ہوئی،آئی جی اسلام آباد لاہور ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی اسلام آباد کہاں ہیں؟سرکاری وکیل نے کہاکہ آئی جی اسلام آباد کی طرف سے جواب آیا ہے، عدالت نے کہاکہ ہم نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ کیا آپ عدالتی احکامات کو ایزی لے رہے ہیں،ہم نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے،سرکاری وکیل نے کہاکہ آئی جی اسلام آباد میں مصروف ہیں، عدالت نے ہدایت کی کہ آپ آئی جی اسلام آباد سے پوچھ کر بتائیں کیسے آنا چاہیں گے،عدالت نے کیس کی سماعت میں کچھ دیر تک ملتوی کردی ۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری  کردیئے اور قابل ضمانت وارنٹ پر عملدرآمد نہ ہونے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری  کردیا، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے  قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک پیش ہونے پر عدالت نے شوکاز نوٹس واپس لے لئے ۔ عدالت  نے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔