دھند کےڈیرے،پروازیں منسوخ ، موٹر وے ایم ٹو اور ایم تھری بند

Dec 17, 2020 | 10:16:AM
دھند کےڈیرے،پروازیں منسوخ ، موٹر وے ایم ٹو اور ایم تھری بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں  آج بھی دھند نے ڈیرے ڈالے رکھے۔حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروےایم ٹو اور ایم  تھری بند کردی گئی۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے اطراف میں حدنگاہ 100 میٹر سے بھی  کم ہونے پر 6پروازیں منسوخ اور 23 تاخیر کا شکارہوگئیں۔

ترجمان موٹروے  پولیس سیدعمران احد کے مطابق  قومی شاہراہ پر چوہنگ، مراکہ، مانگا منڈی، پھول نگر،جمبر،پتوکی ، اختر آ باد، رینالہ خورد ، اوکاڑہ اور ساہیوال میں شدید  دھند ہے جس کے باعث قومی شاہراہ پر  حد نگاہ صفر سے 50میٹر تک ہے۔انہوں نے شہریوں کو ہدایات جاری  کرتے ہوئے کہا کہ  سڑک استعمال کرنے والے آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ موٹروےایم ٹو لاہور سے بلکسر شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔تر جمان  نے مزید کہا کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے  مناسب فاصلہ رکھیں۔ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔ 

دوسری جانب لاہور ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق شدید دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک کی کئی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں اور ہوائی اڈے کو  پروازوں کےلئے جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ابوظہبی جانے والی اتحاد کی پرواز ای وائے 244 کومنسوخ کردیا گیا۔دبئی جانے والی پرواز پی اے 416 بھی ملتوی ہوگئی۔اس کے علاوہ  دبئی سے آنے والی پرواز پی اے 417 ،کراچی سے آنے والی پرواز پی کے 306  اور کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 کو منسوخ کر دیا گیا۔ جدہ سے آنے والی پرواز پی اے 4711 کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا۔ دوحہ سے آنے والی پرواز کیو آر 620 چودہ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے ۔ لندن سے آنے والی برٹش ائیر کی پرواز بی اے 259 پانچ گھنٹے ،استنبول سے آنے والی ترکش ائیر کک پرواز ٹی کے 714 ساڑھے چار گھنٹے اور دمام سے آنے والی پرواز ایکس وائے 883 سترہ گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گئی۔اس کے علاوہ ترکش ائیر کی پرواز ٹی کے 715 چار گھنٹے کی تاخیر سے استنبول روانہ کی جائے گی۔