کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں آسکتا:آرمی چیف

جنرل سید عاصم منیر کا اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ، سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی

Dec 16, 2023 | 12:05:PM
کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں آسکتا:آرمی چیف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے گفتگو میں خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا  تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں آسکتا۔

آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا دیرپا حل دو ریاستی حل میں ہے، سیکرٹری جنرل غزہ میں جارحیت فوری رکوانے کیلئے عالمی برادری کو متحرک کریں،آرمی چیف نے دانستہ نشانہ بنائے جانے والے فلسطینیوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف کی یو این ہیڈکوارٹر آمد پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور شکریہ ادا کیا،یو این سیکرٹری جنرل نے عالمی امن و استحکام کیلئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے تعاون کو سراہا۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے سیکرٹری آف اسٹیٹ، ڈیفنس سیکریٹری اور ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ سے بھی ملاقاتیں کیں۔