ورلڈ کپ فتح کا جشن، فیفا قوانین کی خلاف ورزی پر ارجنٹینا کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

Jan 15, 2023 | 15:09:PM
ورلڈ کپ فتح کا جشن، فیفا قوانین کی خلاف ورزی پر ارجنٹینا کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2022ء کے فائنل میں فرانس کے خلاف فتح کا جشن منانے کے دوران  فیفا کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میسی کی ٹیم کو فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کی کارروائی کا سامنا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فیفا نے ارجنٹینا کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ فرانس کے خلاف  ارجنٹینا نے فائنل میں 2-4 سے کامیابی حاصل کی تھی، ورلڈ کپ فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا تھا۔

تاریخی فتح کے بعد بہترین گول کیپر کا گولڈن گلوو ایوارڈ جیتنے والے ارجنٹینا کےگول کیپر ایمیلیانو مارٹینز نے ایوارڈ کے ساتھ نامناسب اشارہ کیا تھا جبکہ فائنل تقریب کے اختتام کے بعد ڈریسنگ روم میں جشن منانے کے دوران انہوں نے گولڈن بوٹ ایوارڈ جیتنے والے فرینچ فٹبالر ایمباپے پر بھی طنز کیا تھا اور کہا تھا کہ ’ایمباپے جو مرگیا‘۔

یہ بھی پڑھیے: شاہد آفریدی کی بطور عبوری چیف سلیکٹر مدت ختم

یہی نہیں وطن واپس پہنچنے پر ٹیم کی وکٹری پریڈ کے دوران مارٹینز کے ہاتھ میں ایک گڑیا تھی جس پر ایمباپے کے چہرے کا کٹ آؤٹ لگا تھا، اس دوران ان کے برابر میں ارجنٹینا کے کپتان میسی بھی موجود تھے جو کہ ایمباپے کے ساتھ فرنچ کلب پی ایس جی سے کھیلتے ہیں، اس عمل پر بھی فٹبال کے حلقوں میں مارٹینز کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک بیان میں فیفا کا کہنا ہے کہ ڈسپلنری کمیٹی نے ورلڈ کپ فائنل میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے رویے اور برتاؤ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے۔