تبدیلی کا لالی پاپ ۔ نیا پاکستان تو نہیں بنا ۔نیا قبرستان ضرور بن گیا ۔ سراج الحق 

Aug 15, 2021 | 20:30:PM
تبدیلی کا لالی پاپ ۔ نیا پاکستان تو نہیں بنا ۔نیا قبرستان ضرور بن گیا ۔ سراج الحق 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز)حکومت نے نئے پاکستان کے نام پر پاکستانی عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرا کر نیا پاکستان تو نہیں بلکہ نیا قبرستان بنادیا ہے، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث متوسط طبقہ دو وقت کی روٹی کیلئے ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہے،آٹا، دالیں، چینی، گھی، سبزی، فروٹ کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پراضافے نے غریب کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں، ادویات کی قیمتوں کے باعث پاکستان کی غریب عوام علاج و معالجے سے محروم ہیں پڑھا لکھا نوجوان طبقہ بے روزگاری کے باعث خودکشی کر رہا ہے۔
 ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بذریعہ ویڈیو کال علماءمشائخ فیڈریشن پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا جو کہ ہارٹ اٹیک کے باعث کراچی کے مقامی ہسپتال میں داخل ہیں کی عیادت اور خیریت معلوم کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے اس موقع پر جماعت اسلامی کے تمام ارکان کی جانب سے خصوصی دعاکی۔
یہ بھی پڑھیں۔ہمارا کوئی فیورٹ نہیں۔افغانستان میں تمام گروپوں کونمائندگی ملنی چاہئے۔پاکستان
 سراج الحق نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہے بڑھتی ہوئی کرپشن نے ملک کی معیشت کا پہیہ جام سمیت عوام کی زندگی کا بھی پہیہ جام کر دیا ہے موجودہ ملکی حالت کے پیش نظر ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلنے والے رشوت خور کرپٹ سیاستدانوں، افسروں اور بیورو کریٹس کی تمام جائدادیں قومی تحویل میں لیکر ملکی قرضہ ادا کیاجائے تاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہوسکے، مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے صرف اور صرف ذاتی مفادات کو حاصل کرنے کی کوشش کی تھی اگر یہ اتحاد حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے کام کرتا تو آج حکومت گھر جاچکی ہوتی۔ قوم دیکھ لے کہ اس کے ساتھ کون مخلص ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی ایشوز کو اجاگر کیا ہے اور ان شاءاللہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران چار مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا جو کہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کا مظہر ہے۔ حکومت عوام دشمنی پر اتر آئی ہے انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگر حکمرانوں نے اپنی طرز حکومت کو تبدیل نہ کیا تو پاکستان کے 22کروڑ عوام ان کو تبدیل کر دیں گے۔ماضی کے حکمرانوں کا انجام بھی سب کے سامنے ہے۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو جو لالی پاپ دیا گیا اس کی حقیقت کھل چکی ہے۔
امیر جماعت نے کہا قوم نے دیکھ لیا ہے کہ نام نہاد اپوزیشن کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ مسلم لیگ ن، اورپیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے صرف اور صرف ذاتی مفادات کو حاصل کرنے کی کوشش کی تھی اگر یہ اتحاد حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے کام کرتا تو آج حکومت گھر جاچکی ہوتی۔
 انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں علما، مشائخ ودینی جماعتوں اور قیادت کےلئے بڑے چیلنجز درپیش ہیں‘ سوچے سمجھے منصوبے اور اسلام دشمن عالمی قوتوں کے زور پر قادیانیت کو تیزی سے پھیلایا جا رہا ہے، ریاستی نظام میں سیکولرو لبرل ازم آزاد مغربی تہذیب مسلط کی جا رہی ہے‘ یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد کے ذریعے اسلامی قوانین کے خاتمے کے لیے تلوار لٹکا دی گئی ہے‘ وقف املاک ایکٹ کے ذریعے اسلامی نظریاتی مراکز اور گھریلو تشدد کے انسداد کی آڑ میں خاندان کے نظام کو توڑا جا رہا ہے‘ خواتین، معصوم بچوں کے ساتھ اخلاق باختگی، درندگی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے‘ ریاست، حکومت، قومی قیادت، علما و مشائخ کو قومی فرض ادا کرنا ہوگا‘ منبر و محراب، مساجد و مدارس کو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جوہری کردار ادا کرنا ہے‘ کردار، دلائل اور علمی بلندی اور اختلاف میں برداشت کے رویوں کا اظہار کرنا ہوگا‘ اسلامی، نظریاتی، اخلاقی اور تہذیبی سرحدوں کے لیے بڑھتے خطرات کے سدباب کے لیے دینی جماعتوں اور قیادت کو کشمیر، فلسطین اور افغانستان کے حوالے سے متفقہ قومی پالیسی بنانے اور حکومتی آستینوں میں براجمان سیکولر، دین بے زار، مغربی تہذیب کی دلدادہ قوتوں کے مقابلے کے لئے قومی ترجیحات پر اکٹھا ہوکر دینی قوتوں کو بااصول، باکردار پریشر گروپ بنانا ہوگاتاکہ اسلامی قوانین، قرآن و سنت کی تعلیمات اور مراکز کی حفاظت کی جاسکے‘ جماعتِ اسلامی خالص دینی، نظریاتی ایشوز، عقیدہ ختمِ نبوت کی حفاظت اور دینی مشترکات اور دینی ترجیحات کے لئے مثبت تعمیری کردار ادا کرنے کےلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
 یہ بھی پڑھیں۔انیل کپور کی بیٹی ریا کپور بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں