پی پی کے سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم خلیق الزماں انتقال کر گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ضیا آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے،ایم آر ڈی تحریک کے ہیرو ، پیپلزپارٹی کے نڈر بہادر عظیم وفادار لیڈر،سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم خلیق الزماں وفات پاگئے۔
مخدوم خلیق الزماں کے انتقال کی تصدیق ان کے اہل خانہ کی جانب سے کی گئی ہے ،سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں نے بتایاکہ مخدوم خلیق الزماں شوگر، بلڈ پریشر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے اور ڈائلائیسز پر تھے جہاں وہ 65 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔مخدوم خلیق الزماں سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں کے چچا اور سابق وفاقی وزیر امین فہیم کے بھائی تھے،وہ 90 کی سیاست تک کے متحرک ترین کردارتھے،مرحوم شہید بینظیر بھٹو کے بھی قریب تھے۔ انہوں نےمیرمرتضی بھٹو کے ہمراہ الگ سیاست کا آغاز کیا جبکہ میرمرتضی بھٹو کی شہادت کے بعد مرحوم نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی،مخدوم خلیق الزمان پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔مخدوم خلیق الزماں کی تدفین آبائی شہر ہالہ کے قبرستان میں کی جائیگی ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے مخدوم خلیق الزمان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا مخدوم خلیق الزماں محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما تھے، مخدوم خلیق الزمان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی ، صوبائی وزراءسعید غنی، سید ناصرحسین شاہ، امتیازشیخ،وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقارمہدی کی جانب سے مرحوم مخدوم خلیق الزمان کے بلند درجات کے لئے دعا بھی کی گئی ۔
یہ بھی پڑھیں: اہم انکشاف : کورونا سے ذہنی امراض کی شرح میں25فیصد اضافہ