سپریم کورٹ کا گورنر اسٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنے کا حکم

Apr 14, 2023 | 12:49:PM
 پنجاب انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی کیخلاف چیمبر سماعت ختم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(امانت گشکوری)سپریم کورٹ میں پنجاب انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی کیخلاف چیمبر سماعت ختم ہوگئی ۔سپریم کورٹ نےگورنر اسٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز جاری کرنے کا حکم دے دیا ۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل تھے،اٹارنی جنرل،سیکرٹری الیکشن کمیشن،وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک حکام چیمبر میں پیش ہوئے۔

ضرور پڑھیں :الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا معاملہ، پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا پہلا اجلاس

اٹارنی جنرل سمیت دیگر حکام نے فنڈز کی عدم فراہمی بارے موقف تین رکنی بنچ کے سامنے رکھا۔

ذرائع کے مطابق قائمقام گورنر سٹیٹ بنک کے ہمراہ آنے والے دیگر افسران کو سماعت کے دوران باہر بھیجا گیا،وزارت خزانہ کے سپیشل اور ایڈیشنل سیکرٹری کے علاوہ دیگر حکام کو بھی سماعت کے وقت باہر بھیج دیا گیا تھا،اٹارنی جنرل، سیکرٹری اور ڈی جی لاء الیکشن کمیشن سماعت میں موجود رہے ۔

ججز نے سماعت کے دوران  فنڈ جاری نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ،عدالتی حکم  پر عمل کرنا پڑے گا،ججز نے واضح کر دیا، نماز جمعہ کے بعد حکمنامہ جاری کیا جائے گا۔

اس سے قبل  اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں جواب  جمع کرایا ،اٹارنی جنرل کے جواب کے مطابق وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے 4 اپریل کے حکم پر عملدرآمد کیا ہے، سپریم کورٹ کے 4 اپریل کے حکم پر فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈز سے رقم کے حصول کیلئے بل پارلیمنٹ میں پیش کیا۔

 اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے انتخابات کیلئے فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈز کے اجراء کے بل کو مسترد کیا،پارلیمنٹ سے بل مسترد ہونے کے بعد وفاقی حکومت اسٹیٹ بنک کو فنڈز کے اجراء کا نہیں کہہ سکتی، وفاقی حکومت کے جواب کے بعد عدالت نے اسٹیٹ بنک کو براہ راست فنڈز کے اجراء کا حکم دیا۔

کیا اسٹیٹ بینک الیکشن کے لیے فنڈز جاری کرسکتا ہے ؟؟ ٹوئنٹی فور نیوز کے نمائندہ کے سوال کرنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار جواب دیے بغیر ایوان میں چلے گئے۔