انیسویں ایشین گیمز کا میلہ 23 ستمبر سے چین میں سجے گا

Sep 13, 2023 | 20:43:PM
انیسویں ایشین گیمز کا میلہ 23 ستمبر سے چین میں سجے گا
کیپشن: ایشین گیمز میں شریک پاکستانی دستہ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)انیسویں ایشین گیمز کا میلہ 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین کے شہر ہانگوزو میں سجے گا، جس میں پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کے ایتھلیٹ اپنا زور بازو دکھائیں گے ، قومی دستے کی قیادت فلیگ بیئرر سپرسٹار ارشد ندیم اور ویمن کپتان ندا ڈار کے سپرد ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی کھیلوں کا میلہ سجنے کو تیار، چین کے شہر ہانگوزو میں 23 ستمبر سے گیمز کا آغاز ہو گا جس میں پینتالیس ایشیائی ممالک کے ایتھلیٹس چالیس گیمز کی چار سو اکاسی مختلف کیٹگریز میں شرکت کریں گے ۔
پاکستان کا دو سو باسٹھ رکنی دستہ ملک کی نمائندگی کرے گا، جس میں تریپن خواتین سمیت ایک سو نوے ایتھلیٹس میڈلز کی دوڑ میں اِن ایکشن ہوں گے ، قومی کھلاڑی ہاکی، کرکٹ، کبڈی، تیراکی اور جیولین تھرو سمیت چوبیس گیمز میں زور بازو دکھائیں گے، کھیلوں کی دنیا کے چمکتے دمکتے ستارے ارشد ندیم نیزہ پھینکنے کا شاندار مظاہرہ کریں گے، پوری قوم نے ابھرتے ہوئے ایتھلیٹ سے سونے کے تمغے کی امیدیں لگا لیں ، ورلڈ ایتھلیٹکس میں سلور میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ، دستوں کی مارچ پریڈ میں سبز ہلالی پرچم اٹھائیں گے ، اس اعزاز میں ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار ان کا ساتھ دیں گی ۔
قومی کھیل ہاکی اکیس ستمبر کو میزبان ملک اڑان بھرے گی،چوبیس تاریخ کو مہم شروع کرے گی جبکہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ تیس ستمبر کو شیڈول ہے ۔
ایشین گیمز کا آغاز 1951 میں نئی دہلی سے ہوا جس میں پاکستان نے شرکت نہ کی ، قومی ایتھلیٹس اس کے بعد تک مجموعی طور پر چوالیس گولڈ سمیت دو سو چار تمغے جیت چکے ہیں ، اچھی تیاری اور بڑے جذبے کے ساتھ ایشین گیمز میں شرکت کرنے والے ایک بار پھر چین میں پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ،سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان، 5 بڑی تبدیلیاں