عید پر ٹیلی فونک سیاست ۔۔ شہباز شریف کے بلاول،فضل الرحمان سمیت قومی رہنماﺅں کو فون

May 13, 2021 | 19:33:PM
عید پر ٹیلی فونک سیاست ۔۔ شہباز شریف کے بلاول،فضل الرحمان سمیت قومی رہنماﺅں کو فون
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)عید پر ٹیلی فونک سیاست شروع۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قومی سیاسی رہنماؤں کو ٹیلی فون پر عیدالفطر کی مبارکباد۔
 شہبازشریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو عید کی مبارک دی ۔شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا دونوں رہنماو¿ں نے عیدالفطر کے بعد پی ڈی ایم اجلاس بلانے اور فلسطین پر اسرائیلی وحشیانہ حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔
شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو سابق صدر آصف زرداری اور دیگر اہل خانہ کے لئے عید پر مبارک کا پیغام دیا اور زرداری کی صحت کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ بلاول نے بھی قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو عید کی مبارک باد دی اورشہباز شریف کو حمزہ شہباز کے لئے بھی عید کی مبارک باد کا پیغام دیا۔

لیگی صدر نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، لیاقت بلوچ، جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ساجد میر، شاہ اویس نورانی، ایم کیو ایم کے رہنماؤں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور فیصل سبزواری سے بھی ٹیلی فون پر رابط کیا۔رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور ایک دوسرے کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف کی اسفند یار ولی، ایمل ولی خان، غلام احمد بلور، آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے بھی فون پر گفتگو ہوئی،ایک دوسرے کو عید کی مبارک دی اور قومی امور پر بات چیت کی گئی ۔
 اختر مینگل، محمود خان اچکزئی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بھی شہباز شریف کی گفتگو ہوئی۔ ایک دوسرے کو عید کی مبارک دی ۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف تحریک کے آغاز پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں قربتیں بڑھ گئیں تھی،شہباز شریف کی قید کے دوران مریم نواز اور بلاول بھٹو کے متعدد مرتبہ رابطے ہوئے ،گھی شکرجیسا ماحول بن گیا تھا۔لیکن سینٹ الیکشن اور یوسف رضا گیلانی کے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی سے ناراض ہوگئی تھی۔کراچی کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی کامیابی نے اختلافات کو شدید کر دیا۔
مبصرین کے مطابق ان تمام اختلافات کے بعد عید پر شہباز شریف کا بلاول کو مبارکبادی پیغام برف پگھلنے کی نشانی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ عید کے بعد پی ڈی ایم شاید اپنی شکل میں بحال ہو جائے۔
یہ بھی پڑھیں۔ معروف اداکارہ اور میزبان متھیرا کے گھر صف ما تم بچھ گئی