گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی مزار قائد پر حاضری، فاتحہ خوانی کی

Oct 11, 2022 | 14:51:PM
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و صوبے کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعا کی۔ گورنر سندھ نے مزار پر رکھی مہمانوں کی کتاب میں بابائے قوم کے بارے میں تاثرات بھی درج کئے
کیپشن: گورنر سندھ کامران ٹیسوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و صوبے کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعا کی۔ گورنر سندھ نے مزار پر رکھی مہمانوں کی کتاب میں بابائے قوم کے بارے میں تاثرات بھی درج کئے۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے اپنی ولولہ انگیز قیادت سے محکوم مسلمانوں کو آزادی دلائی، جب بابائے قوم نے برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت سنبھالی وہ مایوسی کا شکار تھے، محمد علی جناح ؒ نے ایک منتشر قوم کی کمان سنبھال کر ان میں آزادی کا جوش و جذبہ پیدا کیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ محمد علی جناح ؒ نے مختصر عرصہ میں مسلمانوں کو آزادی دلا کر ناممکن کو ممکن بنا دیا، قائد اعظم نے اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر جدوجہد آزادی کی قیادت کی، پاکستان کا قیام ان ہی کی عظیم قائدانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا تقاضہ کرتے ہیں، ایک فلاحی معاشرہ کی تشکیل ہی عظیم قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتی ہے، سندھ میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا ئی ہے، قائد کے رہنما اصول کام، کام اور صرف کام سے اس قدرتی آفت سے نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بھرپور محنت سے ہم بہت جلد ان مشکلات سے نجات حاصل کرلیں گے، پوری قوم یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کر کے سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔