انٹرنیٹ سروس کی بندش سے سندھ میں بوٹی مافیا مفلوج

May 11, 2023 | 14:59:PM
انٹرنیٹ سروس کی بندش سے سندھ میں بوٹی مافیا مفلوج
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ملک بھر میں جاری تحریک انصاف کے مظاہرین کی جانب سےپر تشدد احتجاج کے باعث انٹرنیٹ سروس ابھی تک معطل ہے ،تعلیمی بورڈ سکھر کے زیر انتظام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں،محکمہ تعلیم کی سخت انتظامات اور انٹرنیٹ کی بندش کے باعث نقل کا عمل رک گیا ۔

نقل کو روکنے کیلئے سخت ترین انتظامات کئے ہیں: چیئرمین تعلیمی بورڈ سکھر 

سکھر،گھوٹکی اور خیرپور اضلاع میں مجموعی طور پر 95 ہزار سے زائد طلبا و طالبات نےامتحانات میں حصہ  لیا ،نویں جماعت کے طلباء نے ریاضی کا پرچہ حل کیا جبکہ دسویں جماعت کے طلباء نے بائیولاجی کا پرچہ حل کیا،تعلیمی بورڈ سکھر کے چیئرمین رفیق احمد پلھ کے مطابق سندھ حکومت کی ہدایت پر نقل کو روکنے کیلئے سخت ترین انتظامات کئے ہیں ،امتحانی مراکز کے باہر  144 نافذ ہےجبکہ تینوں اضلاع کے 190 امتحانی مراکز میں نقل روکنے کیلئے 30 سے زائد چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے باعث واٹس ایپ گروپس کے ذریعے نقل کرانے والا مافیا بھی نقل کرانے میں ناکام دیکھائی دے رہا ہے۔

واٹس ایپ گروپ کے ذریعے سوالات کے جوابات حل کرانے کی کوشش ناکام

لاڑکانہ سمیت سندھ بھر انٹرنیٹ کی سروس معطل ہونے کے باعث امتحانی مراکز تک نقل کرانے کی رسائی نہ ہوسکی، لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام آج دسویں جماعت کے بائیولوجی کا پرچہ بھی واٹس ایپ گروپ کے ذریعے آؤٹ ہوگیا، انٹر نیٹ بند ہونے کی وجہ سے نقل مافیا کی جانب سے واٹس ایپ گروپ کے ذریعے سوالات کے جوابات حل کرانے کی کوشش ناکام رہی ۔

انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے امتحانی مراکز میں سناٹا چھا یا رہا

 شکارپور میں بھی نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں،موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے بوٹی مافیا کے پیٹ پر لات لگ گئی ، موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے امتحانی مراکز میں سناٹا چھا گیا، طالبہ کا امتحانی مراکز میں   پرچہ حل کرنا دشوار  ہوگیا۔

 کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں صورتحال پر امن اور پر سکون ہے، صوبہ بھر میں تیسرے روز بھی انٹرنیٹ کی  سروس معطل ہے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ موجودہ انٹرنیٹ بندش غیر معینہ مدت کیلئے ہے، انٹرنیٹ سروس محکمہ داخلہ کی درخواست پر بند کی گئی ہے۔